2007کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کپتانی ملنے کی امید تھی:یوراج

نئی دہلی،10؍ جون – سابق ہندوستانی کرکٹر یوراج سنگھ نے اپنی شاندار بلے بازی کی طاقت پر ہندوستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ اور 50 اوورز کے ورلڈ کپ فاتح بننے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس بلے باز نے 2007 ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارے میں ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ یووی کا کہنا ہے کہ وہ 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم کے کپتان بننے کی امید کر رہے تھے۔ تاہم سلیکٹرز نے یوراج کے بجائے مہندر سنگھ دھونی کو کپتان بنا دیا۔ اس وقت بین الاقوامی کرکٹ میں دھونی کے پاس صرف تین سال کا تجربہ تھا ۔ 2007 میں ٹیم 50 اوور ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پہلے راؤنڈ سے باہر ہوگئی تھی۔دھونی کو پہلی بار قومی ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا، لہٰذا سب کی نگاہیں ان کی کپتانی پر تھیں۔
لیکن دھونی نے اپنی کپتانی سے سب کا دل جیت لیاتھا۔ انہوں نے عمدہ آغاز کیا ۔ دھونی نے اپنی کپتانی میں ہندوستان کو پہلا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا خطاب دلایا ۔
یوراج نے کہا کہ گرچہ انہیں کپتانی کا کردار نہیں ملا، لیکن انہوں نے ٹیم مین بننے کی کوشش کی۔ یوراج نے کہا کہ اس وقت ہندوستان 50 اوور کے ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا تھا۔
ہندوستانی کرکٹ میں بہت ہنگامہ ہوا اور پھر دو ماہ کا انگلینڈ کا دورہ تھا اور اس کے درمیان ہمیں ایک ماہ کے جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے دورے پر جانا تھا ۔ پھر اس ٹور کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ہونا تھا۔
ہمیں تقریبا چار مہینے گھر سے دور رہنا تھا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ سینئرز نے سوچا کہ انہیں وقفے کی ضرورت ہے۔ ظاہر ہے کسی نے بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کی کپتانی کامنتظر تھا۔ پھر اعلان کیا گیا کہ ایم ایس دھونی کپتان ہوں گے۔ ظاہر ہے جو بھی کپتان بن جاتا ہے، آپ کو اس کا ساتھ دینا ہوتا ہے۔ آخر میں آپ ٹیم مین بننا چاہتے ہیں اور میں نے بھی ایسی ہی کوشش کی تھی۔