ریاستی حکومت زراعت اور پینے کے پانی کے انتظام کے لئے الرٹ: گہلوت

جے پور، 27 جولائی (زاہد حسین) راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ریئاست میں مانسون کے دوران اب تک اوسط سے کم بارش کی صورت میں زراعت اور پینے کے پانی کے انتظام کے لئے پوری طرح الرٹ ہے۔مسٹر گہلوت کل وزیراعلی کی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد اور شہریوں کی حفاطت، زراعت، آبی وسائل اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے محکمے کے افسران کے ساتھ مانسون کی تیاریوں، فصلوں کی بوائی، پینے کے پانی وغیرہ کی صورت حال سے متعلق جائزہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پرتاپ گڑھ اور جیسلمیر کو چھوڑکر فی الحال تقریباً سبھی ضلعوں میں معمول سے کم بارش ہونا تشویش کی بات ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ صورتحال بہتر ہوگی اور اس بار بھی مانسون اچھا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پھر بھی ژالہ باری یا زیادہ بارش جیسی صورتحال کے سلسلے میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے لئے پوری تیاریاں رکھیں۔ ضلع کلیکٹروں کو پینے کے پانی، بارش کے دوران حادثوں، سیلاب اور خشک سالی سے نمٹنے کےلئے تیار رہنے کی ہدایت کے ساتھ ہی ہنگامی فنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔میٹنگ میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر بی ڈی کلّا نے کہا کہ آبی تحفظ کے کاموں کو زیادہ ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے عمارتوں میں رین واٹر ہارویسٹنگ نطام قائم کرکے پانی کے تحفظ اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں پانی کی بچت کے لئے کسانوں کو بوند بوند اور فواروں سے سنچائی کا طریقہ اختیار کرنے کی جانب راغب کرنے پر زور دیا جائے۔
چیف سکریٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور راحت آنند کمار نے ریاست میں بارش کی موجودہ صورتحال اور سیلاب اور بارش سے متعلق آفات سے بچاؤ کی تیاریوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ 25 جولائی تک ریاست میں معمول سے 32 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ اگرچہ محکمہ موسمیات نے 26 جولائی سے 28 جولائی تک کئی ضلعوں میں اچھی بارش ہونے کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ اس سے بارش کی اوسط میں سدھار آنے کی امید ہے۔