سی بی ایس ای 12 کا رزلٹ جاری

99.37 فیصد طلبا پاسئ99.13 فیصد لڑکے پاس ئ99.67 لڑکیاں پاس ہوئیں ئ وزیراعظم نے دی مبارک باد

نئی دہلی، 30 جولائی (تاثیر بیورو) سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے جمعہ کو بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا جس میں 99.37 فیصد طلباء پاس ہوئے۔سی بی ایس ای کے اعلان کردہ بارہویں کے نتائج میں 99.13 فیصد لڑکے اور 99.67 لڑکیاں پاس ہوئیں۔کیندریہ ودیالیہ اور سنٹرل تبتی اسکول ایڈمنسٹریشن (سی ٹی ایس اے) کے طلبہ وطالبات صد فیصد پاس ہوئے ہیں، جبکہ جواہر نوودیہ ودیالہ کے 99.94 فیصد طلباء پاس ہوئے ہیں۔ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی پاس فیصد 99.72 رہی۔دریںاثنا وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے سی بی ایس ای امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے بارہویں درجے کے طلباء کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ننھے دوست کے طور پر مخاطب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے انہیں روشن، پرمسرت اور صحت مند مستقبل کے لئے دعائیں دیں۔
ٹوئیٹس کے ایک سلسلے کے تحت، وزیر اعظم نے کہا؛’’میرے ننھے دوستوں کو مبارکباد جنہوں نے سی بی ایس ای کے بارہویں درجے کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ روشن، پرمسرت اور صحت مند مستقبل کے لئے نیک خواہشات۔جو یہ سوچ رہے ہیں کہ وہ مزید محنت کر سکتے تھے یا اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے تھے، ان کے لئے میں کہنا چاہتا ہوں، اپنے تجربے سے سیکھیں اور اپنے وقار کو برقرار رکھیں۔ ایک روشن اور مواقع سے بھرا مستقبل کا آپ کا منتظر ہے۔ آپ میں سے ہر ایک میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ میری نیک خواہشات ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔اس سال درجہ بارہویں کے امتحانات میں حصہ لینے والے بیچ نے یہ کارکردگی غیر معمولی صورتحال کے دوران پیش کی ہے۔تعلیمی دنیا نے گذشتہ برس کے دوران متعدد تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا۔
پھر بھی، انہوں نے نئے طور طریقوں کو اپناکر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا۔ مجھے ان پر فخر ہے۔‘‘دریںاثنا بیلی روڈ ، سنٹرل اسکول کے پرنسپل پردیومن کمار سنگھ نے بتایا کہ اسکول کا رزلٹ سو فیصد ہے۔ فی الحال طلباء کا رزلٹ ڈاؤن کیا جارہا ہے۔ ادھر طلبا نے کہا کہ اکزام اگر لیا جاتا تو ہم لوگوں کا نمبر اور بھی بہتر ہوتا۔ حالانکہ کورونا وبا کی وجہ سے امتحان لینا ممکن نہیں تھا۔ اس لئے جو نمبر ملا اس سے مطمئن ہوں۔ سبھانشو نے بتایا کہ کورونا کے دور میں ہم نے سال بھر آن لائن کلاسیں کیں۔ میں نے امتحان کے لیے بہت تیاری کی تھی ، لیکن امتحان نہیں لیا گیا۔ اس دوران اسکول میں طلباء کے درمیان رزلٹ آتے ہی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
بیلی روڈ واقع کیندریہ ودیالیہ میں پرنسپل نے مٹھائی کھلا کر طلبا کو مبارکباد دی۔ پرائیوٹ اسکول اینڈ چلڈرین ویلفیئر ایسو سی ایشن کے قومی صدر شمائل احمد نے کہا کہ کورونا دور میں بڑاچلنج ہے۔ بچوں سے لیکر اسکول تک پریشان ہیں۔ ایسے میں اگر طلبا کا ریزلٹ تسلی بخش نہیں ہے وہ اس سے مطمئن نہیں ہیں تو وہ ستمبر میں اگزام دے سکتے ہیں۔ سی بی ایس ای نے ستمبر میں امتحان کا اہتمام کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسو سی ایشن پوری طرح سے بچوں کے ساتھ لڑائی لڑنے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سی بی ایس ای کے ذریعہ 12ویں کے نتائج کا معیار طالب علموں کے مستقبل پر بھاری پڑ سکتا ہے۔ 12 ویں سے زیادہ 10 ویں کے طالب علم متاثر ہوئے ہیں۔