متالی راج ون ڈے میں ایک بار پھر نمبر ون بن گئیں

نئی دہلی ، 20جولائی ۔ہندوستانی خواتین ٹیم کی کپتان متالی راج ون ڈے بلے بازوں کی آئی سی سی رینکنگ میں ایک بار پھر نمبر ون ہوگئی ہیں۔
متالی نے ایک پوزیشن میںبہتر ی کی ہے۔ ان کے 762 پوائنٹس ہیں۔گذشتہ ہفتہ نمبر ایک پر قابض ہوئیں ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر پاکستان کے خلاف کمزور کارکردگی کی وجہ سے 5 نمبر پر کھسک گئی ہیں۔ ان کے 736 پوائنٹس ہیں۔آئی سی سی نے اپنے آفیشیل ٹویٹ پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ متالی را ج نے ایم آر ایف آئی سی سی ویمن ون ڈ ے پلیئر رینکنگ میں پھر سے نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس ٹویٹ میں آئی سی سی نے خواتین بلے بازوں کی ون ڈے رینکنگ بھی شیئر کی ہے ۔ اس کے مطابق جنوبی افریقہ کی لیزیل لی دوسرے نمبر پر ہے۔
ان کے 758 پوائنٹس ہیں یعنی متالی سے صرف 4 پوائنٹس کم ہیں۔ آسٹریلیائی بلے باز ایلس ہیلی 756 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ کی ٹمی بیوماؤنٹ 754 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
متالی نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے۔ متالی نے اس سیریز میں 72 ، 59 اور 75 رن کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
حالانکہ گذشتہ ہی ہفتے ، ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر نے ان سے پہلا مقام چھین لیاتھا۔خواتین کی ٹی۔ 20 بلے بازوں کی درجہ بندی میں ٹاپ 3 میں سے دو پر ہندوستانی بلے بازوں کا قبضہ ہے۔
ینگ اوپنر شیفالی ورما 759 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی ا سمریتی مندھنا 716 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔ آسٹریلیا کی بیتھ مونی 744 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔