کھیل

آئی پی ایل 2021 ٹیم کی نیلامی:نئی ٹیموں کی نیلامی 17 اکتوبر کو ہوگی

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی،14؍ ستمبر-آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں دو نئی ٹیمیں کھیلتی نظر آئیں گی۔ اس کے لیے نیلامی کا عمل 17 اکتوبر کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔ فی الحال ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے نیلامی کی تاریخ اور جگہ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے، تاہم اس کا اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔ آئی پی ایل کا دوسرا مرحلہ 19 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والا ہے۔ اس کی تکمیل کے دو دن بعد ہی نیلامی کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق نیلامی کی تاریخ تقریبا 17 اکتوبر مقرر ہے اور نیلامی کے حوالے سے کوئی بھی وضاحت 21 ستمبر تک لی جا سکتی ہے۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل نے نئی ٹیموں کی بولی کے لیے 31 اگست کو ٹینڈر جاری کیا تھا۔ یہ نیلامی متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کے اختتام کے دو دن بعد ہو سکتی ہے، اس لیے یہ پروگرام دبئی یا مسقط میں منعقد کیا جا سکتا ہے۔ ملک میں کورونا وبا کے پیش نظر نیلامی کی نوعیت کے بارے میں شکوک و شبہات تھے۔
اب یہ تقریبا واضح ہوچکا ہے کہ کوئی ای ۔نیلامی نہیں ہوگی۔بی سی سی آئی نے ابھی تک کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے قواعد کی تصدیق نہیں کی ہے۔ مزید یہ کہ میگا نیلامی کی تفصیلات نومبر 2021 میں فراہم کیے جانے کا امکان ہے اور نیلامی کی تاریخ جنوری 2022 مقرر کی جا سکتی ہے۔ دو ٹیموں کے اضافے کے بعد ہر ٹیم کے میچوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک اس کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہے۔ آئی پی ایل میں اب تک ہر ٹیم گروپ مرحلے میں مجموعی طور پر 14 ہوم میچ کھیلتی ہے اور سات میچ دوسرے مقامات پر۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper