کھیل

میچ سے عین قبل نیوزی لینڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کیا

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

راول پنڈی /نئی دہلی ، 17ستمبر – ۔نیوزی لینڈکی کرکٹ ٹیم 18سال بعدپاکستان کے دورے پر تھی لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے پر آخر کار گرہن لگ گیا۔ نیوزی لینڈ نے دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ سے عین قبل سیکورٹی وجوہات کی بنا پر دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ۔ کیوی کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ راولپنڈی میں پہلا ون ڈے شروع ہونے سے چند منٹ قبل لیا۔ اس دورے میں 3 ون ڈے اور 5 ٹی۔ 20 میچ کھیلے جانے تھے۔ نیوزی لینڈ کو ٹیم کی سیکورٹی سے متعلق انٹیلی جنس الرٹ ملا تھا۔ اب ٹیم کو جلد از جلد پاکستان سے نکالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے اور پانچ میچوں کی ٹی ۔20 سیریز کھیلی جانی تھی۔ نیوزی لینڈ کے اس دورے میں راولپنڈی میں ون ڈے سیریز اور ٹی۔ 20 سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ون ڈے میں جب محض20 منٹ باقی تھیتب وہاں ہنگامے کی خبرسامنے آئی۔ اس کے بعد کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم پہنچنے کے بجائے ہوٹل کے کمروں میں رہنے کی صلاح دی گئی ۔ اس کے علاوہ کرکٹ شائقین کو بھی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ پاکستان نے اس دورے کو بچانے کی پوری کوشش کی۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو بھی فون کرکے سیکورٹی کی مکمل یقین دہانی کا وعدہ کیا۔ عمران نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین انٹیلی جنس سسٹم ہے اور کیوی ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تاہم ، ان کی یقین دہانی بھی کام نہیں آئی اور نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔اس دورے کی منسوخی کے بعد جلد ہی پاکستان سے کیوی کھلاڑیوں کو واپس لانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ہماری حکومت کی جانب سے ہمیں جو مشورہ ملا ہے،اس کے بعد دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ پی سی بی کے لیے ایک جھٹکا ہوگا ، جو کہ ایک شاندار میزبان ہیں ، لیکن کھلاڑیوں کی حفاظت ہمارے لیے اور ہمارا خیال ہے کہ ہمارے پاس یہی واحد آپشن تھا‘‘۔پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ،’پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت والی ٹیموں کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کرتی ہے۔
ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ کو بھی اس کے بارے میں یقین دلایا۔ انہوں نے کہا ،’’پاکستان کے وزیر اعظم نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے ذاتی سطح پر بات کی اور انہیں بتایا کہ ہمارے پاس دنیا کا بہترین انٹیلی جنس سسٹم ہے اور آنے والی ٹیم کو کسی قسم کا کوئی سیکورٹی خطرہ نہیں ہے‘‘۔ پی سی بی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ آنے والے سیکورٹی حکام بھی یہاں کے سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں‘‘۔ان سب کے باوجود نیوزی لینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا ہے اور اب کیوی ٹیم کو جلد ازجلد پاکستان سے نکلالنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper