کھیل

نیرج چوپڑا نے امیتابھ کے ساتھ کے بی سی سیٹ کا تجربہ شیئر کیا

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی ، 17ستمبر ۔جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقدہ اولمپک کھیلوں میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنے والے نیرج چوپڑا مشہور ٹی وی شو ’کون بنے گاکروڑ پتی‘ (کے بی سی) کے جمعہ کے روز خصوصی ایپی سوڈ’شاندا شکروار ‘کاحصہ ہیں ۔ اس میں ان کے ساتھ ہندوستانی ہاکی گول کیپر پی آر سر ی جیش نے بھی حصہ لیا ہے۔ اس خصوصی ایپی سوڈ کے کئی پرومو پہلے ہی منظر عام پر آچکے ہیں ، جس میں نیرج شو کے میزبان بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ تفریح کرتے نظر آرہے ہیں۔ نیرج نے انسٹاگرام پر اپنے پورے تجربے کو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
انہوں نے ایک تصویر شیئر کی ہے ، جس میں بگ بی کے علاوہ ان کے چچا اور والد نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے اس کے کیپشن میں لکھا کہ ، ‘میرے پاپا ،انکل اور سری جیش بھائی کے ساتھ کے بی سی کے سیٹ پر امیتابھ بچن سر کے ساتھ تجربہ بہت خاص تھا۔ ہم نے یہاں ضرورت مندوں کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے‘۔ قابل غور ہے کہ نیرج نے اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل میں 87.58 میٹر کا تھرو پھینک کر ٹریک اینڈ فیلڈ میں ملک کا پہلا تمغہ جیتا تھا۔وہ ہندوستان کی جانب سے اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتنے والے محض دوسرے کھلاڑی ہیں۔
اس سے قبل 2008میں شوٹر ابھینو بندرا نے ہندوستان کے لئے پہلی بار بطور کھلاڑی اولمپک میں طلائی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
اس سے قبل اولمپکس میں ہندوستان نے محض ہاکی میں سونے کے تمغے جیتے تھے جو کہ ٹیم ایونٹ ہے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper