ایمپلائزویلفیئرکارپوریشن کے ملازم ساڑھے چار برس سے تنخواہ کا انتظار کر رہے ہیں

لکھنؤ ، 17 ستمبر۔اترپردیش اسٹیٹ ایمپلائز ویلفیئرکارپوریشن کے ملازمین کو جولائی 2017 سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ ساڑھے چار برس سے تنخواہ کے منتظرکارپوریشن کے ملازم ریاستی حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔یکم جولائی 2017 کو جی ایس ٹی کے نفاذ کے ساتھ ہی ریاست کا ٹیکس قانون ختم کر دیا گیا تھا اور اس کا براہ راست اثر ایمپلائز ویلفیئر کارپوریشن کے ڈیپوپرپڑا ، جہاں ٹیکس سے پاک سامان ریاستی ملازمین کو فروخت کیا جاتا تھا۔ جی ایس ٹی کے نفاذ کے ساتھ ہی ریاستی سطح پر تمام ٹیکس فری سامان جی ایس ٹی کے دائرہ کارمیں آگئے۔ ڈیپو میں فروخت ہونے والے سامان کی قیمت مارکیٹ میں فروخت ہونے والے سامان کے برابر ہو گئی۔
ریاستی ملازمین نے پہلے سستی اشیاء فراہم کرنے والے ڈیپوسے سامان لینا کم کیا اور بعد میں مکمل طور پربند کر دیا۔
اس وقت اتر پردیش میں 160 ڈیپو کام کر رہے ہیں اور جہاں 865 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ ڈیپو میں کام کرنے والے ملازمین کے مفاد میں ملازمین یونین نے کئی بار آواز بلند کی اور پرنسپل سیکرٹری کو خط بھیج کر اس کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔یونین رہنما شیلیش یادو نے بتایا کہ کووڈ وبا کے دوران نوبت ملازمین کے بھیک مانگنے تک پہنچ گئی۔ 2017 سے لے کر اب تک ، ساڑھے چار برس کے دوران تنخواہ کا انتظار کرتے۔کرتے کچھ ملازمین انتقال کر گئے۔ اسٹیٹ ایمپلائز ویلفیئر کارپوریشن فوڈ اینڈ لاجسٹکس ڈیپارٹمنٹ کے تحت آتا ہے ، کے ملازمین نے حکومت سے تنخواہ کے لیے گرانٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فائل حکومتی سطح تک بھیج دی گئی ہے اور پرنسپل سیکرٹری خزانہ تک پہنچ چکی ہے۔ مزید فیصلہ ملازم کے مفاد میں ہوگا ، اس کی توقع ہی کی جاسکتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اترپردیش اسٹیٹ ایمپلائز ویلفیئر کارپوریشن بنانے کے لیے 1965 میں پہل کی گئی تھی ، پہلے ایک سوسائٹی بنائی گئی اور بعد میں ایک کارپوریشن تشکیل دی گئی۔ ابھی تک کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہ اور ڈیپو سے متعلقہ اخراجات کے لیے حکومت کی طرف سے کوئی گرانٹ نہیں ملی۔