رمیز راجہ تین سال کے لیے پی سی بی کے نئے چیئرمین مقرر

کراچی،13؍ ستمبر – پاکستان کے سابق کپتان اور 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن رمیز راجہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا نیا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔
رمیز راجہ کو اگلے تین سال کے لیے اس عہدے پر بلا مقابلہ مقررکیا گیا ہے۔ رمیز پی سی بی کے 36 ویں چیئرمین ہیں۔ پی سی بی الیکشن کمشنر، ریٹائرڈ جسٹس شیخ عظمت سعید کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں رمیز کو بورڈ کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔رمیز راجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ میں اس عہدے پر منتخب ہونے پر آپ سب کا شکر گزار ہوں۔ میں پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے آپ سب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔
رمیز نے کہاکہ بطور تنظیم ہمارا کام ہماری ٹیم کے پیچھے کھڑا ہونا ہے۔ ساتھ ہی انہیں ضروری سہولیات اور سپورٹ بھی فراہم رہنا ہے تاکہ وہ اس قسم کی کرکٹ کھیل سکیں جس کی ملک اور ان کے شائقین ان سے توقع رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ میری کوشش ہوگی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے وہی بے خوف اپنا گیم کھیلنے کا دور واپس لایا جائے جس کے لیے ہم دنیا بھر میں کبھی مشہور تھے۔رمیز راجہ نے پاکستان کے لیے 255 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے، جس میں انہوں نے 8674 رنز بنائے۔پی سی بی کے ساتھ رمیز کی یہ دوسری مدت ہے۔ اس سے پہلے وہ 2003 سے 2004 تک پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو رہے۔ اس کے علاوہ رمیز چوتھے کرکٹر ہیں جو پی سی بی کے چیئرمین مقرر ہوئے ہیں۔ ان سے پہلے اعجاز بٹ، جاوید برقی اور عبدالحفیظ کاردار اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔