پولیس نے سانبہ میں غیر قانونی مویشیوں کی سمگلنگ کو ناکام بنایا۔

جموں،17 ستمبر۔ضلع پولیس سانبہ نے تھانہ گھگوال کے دائرہ کار میں 19 مویشیوں کو بچا کر گائے کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ مویشیوں کی نقل و حمل کے حوالے سے قابل اعتماد معلومات پر عمل کرتے ہوئے پولیس تھانہ گھگوال کی ایک پولیس پارٹی نے ناکہ کے دوران گاڑیووں کی چیکنگ کی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے ، ایک ٹرک کو روکنے کا اشارہ کیا جو کٹھوعہ سے وادی کشمیر کی طرف جا رہا تھا۔ گاڑی کو روکنے کے بجائے ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار تیز کی لیکن پولیس نے کامیابی سے پیچھا کیا اور ناکا پوائنٹ سے چند میٹر دور گاڑی کو روک لیا۔ تاہم ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مذکورہ گاڑی کی چیکنگ کے دوران گاڑی میں 19 مویشی بغیر اجازت کے لدے ہوئے پائے گئے۔ تمام مویشیوں کو بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مویشیوں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کو موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں پی ایس گھگوال میں ایف آئی آر نمبر 163/2021 یو/ایس 188 آئی پی سی ، 11 پی سی اے ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کی گئی ہے جبکہ اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئی ہے۔