ہندوستان اور آسٹریلیا خواتین ٹیم کے مابین پہلا ون ڈے 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا

نئی دہلی،14؍ ستمبر – ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم اس وقت آسٹریلیا کے دورے پر ہے۔
ٹیم انڈیا کی اسٹائلش اوپنر اسمرتی مندھانا نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں کافی بہتری آئی ہے۔نیز انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم اس سال 21 ستمبر کو ون ڈے میچوں سے شروع ہونے والے آسٹریلین دورے میں بہترین کرکٹ کھیلے گی۔ ہندوستانی ٹیم نے پیر کو یہاں 14 دن کی قرنطینہ مدت مکمل کرلی ہے۔مندھانا کہاکہ ٹیم کی کارکردگی میں گزشتہ سال ورلڈ کپ میں شکست کے بعد کافی بہتری آئی ہے۔
کورونا کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ایک بڑا وقفہ تھا۔ خواتین نے اپنے کھیل میں مزید اصلاح کی ہے اور خامیوں کو درست کرکے مضبوط واپسی کی ہے، انہوں نے کہاکہ پوری ٹیم نے اپنی فٹنس اور مہارت پر کام کیا ہے۔
ہم مسلسل اپنی فارم میں واپس آرہے ہیں۔ امید ہے کہ یہ سیریز بہت اچھی ہوگی۔مندھانا نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور ہندوستانی ٹیم یہاں کی پچوں پر بیٹنگ سے لطف اندوز ہوتی ہے۔ ہم سب آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ہفتہ کو اپنا پریکٹس میچ کھیلیں گی۔آسٹریلیا کے دورے پر ہندوستان کو تین ون ڈے، ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ ڈے نائٹ ٹیسٹ 30 ستمبر سے 3 اکتوبر تک کینبرا میں ہوگا۔ آخری بار دونوں ٹیموں کا مقابلہ گزشتہ سال ملبورن گراؤنڈ میں خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ہوا تھا۔ آسٹریلیا نے یہ میچ 85 رنز سے جیتا تھا ۔