ہندوستان پورے خطے کی سلامتی کے لیے آسٹریلیا کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے تئیں پرعزم: راج ناتھ

نئی دہلی، 10 ستمبر- وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان دفاعی شعبے میں آسٹریلیا کے ساتھ شراکت کو ایک نئی سطح پر لے جانے کا خواہاں ہے اور پورے خطے کی سلامتی اور ترقی کے واسطے آسٹریلیا کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔مسٹر راجناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز یہاں آسٹریلیا کے وزیر دفاع پیٹر ڈٹن کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ان کی ملاقات کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون، تینوں افواج کے درمیان باہمی تبادلے کو بڑھانے، معلومات کے تبادلے، دفاعی ٹیکنالوجی اور دفاعی لاجسٹکس کے تعاون کے شعبے میں مدد پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہند- آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے متمنی ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری منصفانہ، کھلے، جامع اور قواعد پر مبنی انڈو پیسیفک خطے پر مبنی ہے۔مسٹر ڈٹن اور آسٹریلیائی وزیر خارجہ اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کے ہمراہ آج یہاں ٹوپلس ٹوٹ مذاکرات کے لیے پہنچے تھے۔مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے اپنے آسٹریلیائی ہم منصب مسٹر ڈٹن کے ساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون اور مختلف علاقائی مسائل پر نتیجہ خیز بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے مالابارکی فوجی مشق میں آسٹریلیا کی شرکت اور اس میں اپنا کردار جاری رکھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے مسٹر ڈٹن کو ‘خود انحصار ہندوستان کے لیے کی جانے والی کوششوں اور ملک میں بڑھتی ہوئی جدت طرازی کی سرگرمیوں سے باخبر کیا۔ دونوں فریقوں نے دفاعی سائنس وٹیکنالوجی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے آسٹریلیائی صنعتی سیکٹر سے دفاعی شعبے میں ہندوستان کی براہ راست سرمایہ کاری کی پالیسی سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کے پاس مشترکہ ترقی اور مشترکہ پیداوار پر دوطرفہ تعاون کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔وزیر دفاع نے مسٹر ڈٹن اور آسٹریلیائی وزیر خارجہ میرس پین کو کورونا بحران کے درمیان ہندوستان آنے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ شراکت داری کے لیے آسٹریلیا کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔