آریان کیلئے کوئی رعایت نہیں: این سی بی

ممبئی،۱۹؍اکتوبر – نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ریجنل ڈائریکٹر سمیر وینکھڈے نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار آریان خان کی جیل میں ہونے والی کاؤنسلنگ کی خبروں پر اْٹھنے والے سوالوں کی وضاحت دے دی۔انہوں نے کہا کہ کاؤنسلنگ اس قسم کے کیسز میں معمول کا کام ہے اور آریان کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دی جارہی۔خیال رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ آریان خان نے این سی بی افسر کو یقین دلایا تھا کہ میں آپ کو ایسا بن کر دکھاؤں گا جس پر آپ فخر کریں گے۔واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مارکر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔این سی بی کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئی ہے، جس کا پہلے آریان نے انکار کیا لیکن بعد میں اس کا اعتراف بھی کرلیا۔آریان خان کی 3 سے زائد درخواست ضمانت مسترد ہوچکی ہیں جبکہ ان کی حالیہ درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر تک کے لیے محفوظ کرلیا گیا ہے۔تاہم ان کی این سی بی میں دورانِ حراست تربیت جاری ہے جس کے دوران انہوں نے نہ صرف این سی بی افسر سمیر وینکھڈے کو اچھا بن کر دکھانے کا وعدہ کیا بلکہ یہ بھی کہا کہ وہ معاشرے کے کمزور طبقے کی اس سلسلے میں مدد بھی کریں گے۔بتایا جارہا ہے کہ آریان خان کی دوران حراست تربیت میں نہ صرف سمیر وینکھڈے بلکہ این جی او ورکرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔آریان خان کو 7 اکتوبر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ممبئی کی ارتھر جیل بھیج دیا گیا تھا۔