ایشز 2021: آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے لیے انگلینڈ ٹیم کا اعلان

لندن ،11 ؍اکتوبر – انگلینڈ نے آسٹریلیا کے ساتھ اس سال کے آخر میں ہونے والی ایشز سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ کپتان جو روٹ اور کوچ سلور ووڈ نے 17 کھلاڑیوں پر مشتمل اپنے اسکواڈ میں کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔
تاہم ا سٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس جو کہ طویل عرصے سے میدان سے باہر ہیں ان کو ایک بار پھر ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔ اس کے علاوہ سیم کرن کو بھی آئی پی ایل میں زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ایشز سیریز کے اس سال منعقد ہونے کے بارے میں تذبذب تھا کہ آیا یہ سیریز ہوگی یا نہیں۔ انگلینڈ ٹیم کے بہت سے کھلاڑیوں نے آسٹریلیا میں کورونا کے سخت پروٹوکول کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کی یقین دہانی کے بعدانگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے مشروط ایشز سیریز کھیلنے پر اتفاق کیا۔بین اسٹوکس ،جوفرا آرچر، اولی اسٹون اور سیم کران کے زخمی ہونے کی وجہ سے انگلینڈ کے لیے ایشز کے لیے ٹیم کا انتخاب کرنا آسان نہیں تھا۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کو یہ بھی خوف تھا کہ آسٹریلیا میں کورونا کے سخت پروٹوکول کی وجہ سے اس کے اہم کھلاڑی اس سیریز سے دستبردار ہو جائیں گے۔
کپتان جو روٹ بھی پہلے اس دورے کے بارے میں مکمل طور پر مطمئن نہیں تھے۔ تاہم انہوں نے بعد میں اتفاق کیا۔روٹ کے علاوہ اب ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر نے بھی ایشز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
تاہم انگلینڈ نے ایشز کے لیے کسی بھی ’‘ان کیپڈ‘کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں جگہ نہیں دی ہے۔ جس کی وجہ سے لیام لیونگ اسٹون اور ثاقب محمود ٹیم میں جگہ بنانے سے محروم ہو گئے۔
جو روٹ کی کپتانی میں انگلینڈ کو ایشز سیریز کے پانچ ٹیسٹ میچوں کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔ سیریز کا پہلا میچ 8 دسمبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ بقیہ چار میچ ایڈیلیڈ، ملبورن، سڈنی اور پرتھ کے میدان میں کھیلے جائیں گے۔ کورونا کے سخت پروٹوکول اس وقت آسٹریلیا میں نافذ ہیں۔ یہاں کے بیشتر شہروں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔ ایسی صورتحال میں انگلینڈ کے کھلاڑی سخت قرنطینہ قوانین، اور سخت بائیو ببل ہونے سے خوفزدہ ہیں۔ آسٹریلیا اس وقت ایشز پر قابض ہے۔ 2019 میں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 2-2 سے برابر رہی۔ اس سے قبل 2017-18 میں آسٹریلیا نے ایشز سیریز 4-0 سے جیتی تھی۔
ایشز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم:
جو روٹ (کپتان)، جیمس اینڈرسن، جونی بیئرسٹو، ڈوم بیس، اسٹورٹ براڈ، روری برنس، جوس بٹلر، جیک کرولی، حسیب حمید، ڈین لارنس، جیک لیچ، ڈیوڈ ملان، کریگ اوورٹن، اولی پوپ، اولی رابنسن، کرس ووکس اور مارک ووڈ۔