بیٹنگ کی کمزوری کو گیندبازی سے دور کرنے کی کوشش کریں گے سری لنکا اور بنگلہ دیش

شارجہ،23؍اکتوبر – سری لنکا اور بنگلہ دیش اتوار کو یہاں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 کے گروپ 1میچ میں اپنی بیٹنگ کی کمزوریوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش دونوں کو سپر 12 میں جگہ بنانے کے لیے پہلے مرحلے کے گروپ مرحلے سے گزرنا پڑا۔
جبکہ سری لنکا گروپ اے میں تین جیت کے ساتھ سرفہرست ہے، بنگلہ دیش گروپ بی میں اسکاٹ لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔سری لنکا نے نمیبیا کو 7 وکٹوں سے اور پھر آئرلینڈ کو 70 سے شکست دی۔ اپنے آخری کوالیفائنگ میچ میں انہوں نے ہالینڈ کو 44 رنز پر آؤٹ کیا اور 8 وکٹوں سے جیت حاصل کی۔
دوسری طرف بنگلہ دیش اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ سے چھ وکٹوں سے ہار گیا لیکن اس کے بعد اس نے عمان کو 26 رنز اور پاپوا نیو گنی کو 84 رنز سے شکست دے کر سپر 12 میں جگہ بنائی۔ لیکن سری لنکا اور بنگلہ دیش دونوں کے لیے آگے کا راستہ آسان نہیں ہوگا۔ ان دونوں ٹیموں کو گروپ ون میں انگلینڈ، آسٹریلیا، دفاعی چمپئن ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے سخت چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی ناقص کارکردگی دونوں ٹیموں کے لیے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ سری لنکن بلے باز دنیش چنڈیمل نمیبیا اور آئرلینڈ کے خلاف ناکامی کے بعد پلیئنگ الیون میں جگہ گنوابیٹھے۔
ان کی جگہ چارٹ اسلانکا بھی نیدرلینڈ کے خلاف کم اسکورنگ میچ میں صرف چھ رنز بنا سکے۔ کوسل پریرا نے فارم میں واپسی کی ہے لیکن اوپنرز پاتھم نیسانکا، اویشکا فرنانڈو، بھانوکا راجا پاکسے اور کپتان داسون شناکا کو مزید ذمہ داری لینی ہوگی۔ سری لنکن گیندباز نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن لاہیرو کمارا، چمیکا کرونارتنے اور دشمنت چمیرا کا اصل امتحان آف اسپنر مہیش تھیکشنا اور آل راؤنڈر واہندو ہسارنگا کے ساتھ اب پیس ڈیپارٹمنٹ میں ہوگا۔ سری لنکا کی طرح بنگلہ دیش کے بلے باز بھی اب تک کمال نہیں دکھا سکے۔ اسکاٹ لینڈ سے شکست اور ان کے بلے بازوں میں اعتماد کا فقدان عمان کے خلاف میچ کے دوران واضح تھا۔ بنگلہ دیش کے پاس محمد نعیم، لٹن داس اور عفیف حسین جیسے باصلاحیت بلے بازہیں ۔
لیکن ان کی توجہ اب بھی تجربہ کار شکیب الحسن، کپتان محمود اللہ اور مشفیق الرحیم پر ہے۔ بنگلہ دیش کی بولنگ کی قیادت تیز گیند باز مستیض الرحمن کر رہے ہیں جس میں تسکین احمد، محمد سیف الدین اور اشرفل احمد ان کے ہمراہ ہیں۔ لیکن بنگلہ دیش اپنے اسپنرز شکیب اور مہدی حسن پر زیادہ انحصار کرتا ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ بنگلہ دیش کے لیے اب تک یادگار نہیں رہا۔ وہ 2007 میں سپر 8میں پہنچا لیکن 2009، 2010 اور 2012 میں ایک بھی جیت درج کرنے میں ناکام رہا۔بنگلہ دیش نے 2014 میں پہلے راؤنڈ میں اپنے تمام میچ جیتے تھے لیکن سپر 10 میں اپنے چاروں میچ ہار گئے ۔ اس کے بعد 2016 میں بھی یہی کہانی رہی ۔ لیکن اس سال بنگلہ دیش کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ انہوں نے موجودہ کیلنڈر سال میں ٹی 20 انٹرنیشنل میں نو جیت درج کی ہیں لیکن اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست سے ان کے حوصلے پست ہو گئے ہیں۔