وزیر داخلہ نے کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم سے ملاقات کی

نئی دہلی ، 19 اکتوبر- وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی ۔ جموں و کشمیر کے پونچھ میں نو روز سے جاری جھڑپ میں فوج کے دو جونیئر کمیشنڈ افسران سمیت نو فوجی شہید ہو چکے ہیں اور آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے بھی مرکز کے زیر انتظام علاقے کے دو روزہ دورے پر ہیں ۔ اس کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردوں نے عام شہریوں کو ہلاک کر کے سکیورٹی کے لئے چیلنج کھڑا کیا ہے ۔ اب تک تقریباََ 11 شہری اپنی جان گنوا چکے ہیں ۔ مسٹر شاہ 23 اور 24 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے دورے پر جارہے ہیں ۔ اس دورے سے پہلے حکومت دہشت گردوں اورانہیں سرحد پار سے شہ دینے والی قوتوں کو واضح اورسخت پیغام دینا چاہتی ہے۔ حال ہی میں مسٹر شاہ نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی پھیلانے والی قوتوں کے ٹھکانوں پر دوبارہ سرجیکل اسٹرائیک کا آپشن کھلا ہے۔ مسٹر شاہ نے پیر کو نیشنل سکیورٹی اسٹریٹجی کانفرنس کی صدارت کی جس میں اعلیٰ پولیس افسران اور نیم فوجی دستوں کے ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ اتراکھنڈ اور کیرالہ میں شدید بارش ، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات اورراحت رسانی کی کاروائیوں کا بھی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔