پٹرول اور ڈیزل ایک بار پھر مہنگا ، دہلی میں پٹرول 106 روپے سے تجاوز

نئی دہلی ، 20 اکتوبر ۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں اضافے کا اثر ملکی مارکیٹ میں ایک بار پھر دیکھا گیا۔ پبلک سیکٹرکی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے دو دن کے استحکام کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35-35 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے کے ساتھ دارالحکومت دہلی میں بدھ کو پٹرول 35 پیسے بڑھ کر 106.19 روپے فی لیٹر ہوگیا۔وہیں، ڈیزل بھی 35 پیسے مہنگا ہوکر فی لیٹر94.92 روپے ہوگیا۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق ممبئی، چنئی اور کولکاتہ میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد بالترتیب112.11 روپے ،103.31 روپے، اور106.77 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔وہیں ڈیزل بھی اضافہ کے بعد بالترتیب102.89 روپے ،99.26 روپے اور98.03 روپے فی لیٹرہوگیاہے۔ گزشتہ 17 دنوں میں پٹرول 5 روپے مہنگا ہو گیا ہے ، جبکہ ڈیزل پچھلے 20 دنوں میں 6.30 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔