ہرمن پریت اگلے سال ’فیئر بریک‘ ٹی 20 ٹورنامنٹ کی کپتانی کریں گی

نئی دہلی،26؍اکتوبر- ہندوستانی خواتین کی ٹی 20 کپتان ہرمن پریت کور اگلے سال ’فیئر بریک‘ میں ہونے والے افتتاحی انویٹیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔ٹورنامنٹ کے منتظمین نے منگل کو یہ جانکاری دی۔یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی سے منظور شدہ مقابلہ ہے جو کرکٹ ہانگ کانگ کے تعاون سے یکم سے 15 مئی تک ہانگ کانگ میں منعقد ہوگا۔فیئر بریک نے ٹویٹ کیاکہ فیئر بریک یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہے کہ ہرمن پریت کور فیئر بریک کے پہلے انویٹیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں میں سے ایک کی کپتانی کریں گی۔ براہ کرم ہرمن پریت کے استقبال میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔ اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ہرمن پریت نے لکھا کہ میں واقعی اس ٹورنامنٹ کی منتظر ہوں۔ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور دنیا بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ خواتین کرکٹ کی تاریخ میں یہ دنیا کا پہلا نجی فنڈ سے چلنے والا ٹورنامنٹ ہوگا۔ ہرمن پریت کھیل کے مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ پسندیدہ بلے باز ہیں۔ وہ فی الحال خواتین کی بگ بیش لیگ میں آسٹریلیا میں ملبورن رینیگیڈز کے لیے کھیل رہی ہیں۔ دھماکہ خیز دائیں ہاتھ کی بلے باز نے اس سال کے شروع میں انگلینڈ میں ’دی ہنڈریڈ‘ کے افتتاحی سیزن میں بھی حصہ لیا تھا۔