کھیل

آر اشون نے ٹیسٹ کرکٹ میں بنایا خاص ریکارڈ

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

کانپور،29؍ نومبر- آر اشون نے کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں ، وہ ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹ لینے والے آف اسپنر بن گئے۔ اس معاملے میں انہوں نے ہربھجن سنگھ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آر اشون نے اب ٹیسٹ کرکٹ میں 420 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ ہندوستان کے لیے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے کے معاملے میں لیگ اسپنر انیل کمبلے سرفہرست ہیں جب کہ عظیم آل راؤنڈر کپل دیو دوسرے نمبر پر ہیں۔ انیل کمبلے نے ٹیسٹ کرکٹ میں جہاں 619 وکٹیں حاصل کی ہیں وہیں کپل دیو نے 434 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
نیز اب آر اشون 420 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ہربھجن سنگھ اب چوتھے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے 103 ٹیسٹ میچوں میں 417 وکٹیں حاصل کیں جب کہ آر اشون نے 80 ٹیسٹ میچ میں ہی یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ اسی میچ میں آر اشون نے کرکٹ کے طویل ترین فارمیٹ میں 414 وکٹیں لینے والے پاکستان کے وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ آر اشون نے 30 بار ایک اننگز میں پانچ وکٹ اور ایک میچ میں 7 بار 10 وکٹ لیے ہیں۔آر اشون نے اب تک کھیلے گئے 79 ٹیسٹ میچوں کی 148 اننگز میں 413 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون صرف 2.81 رنز فی اوور خرچ کرتے ہیں اور 24.56 کی اوسط سے بولنگ کرتے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ اشون کتنا خطرناک ہیں۔ ہندوستان میں ہی نہیں، وہ غیر ملکی حالات میں بھی وکٹیں لینا جانتے ہیں، لیکن ٹیم کمبی نیشن کی وجہ سے انہیں کئی بار پلیئنگ الیون سے باہر ہونا پڑا ہے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper