ملک بھر سے

وزیر اعظم کا زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا فیصلہ بہترین سیاسی قدم: شاہ

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی، 19 نومبر ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے تین نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو اسے ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا زرعی قوانین سے متعلق اعلان بہترین سیاسی قدم ہے۔
شاہ نے ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا، حکومت ہند ہمارے کسانوں کی خدمت جاری رکھے گی اور ان کی کوششوں میں ہمیشہ ان کا ساتھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نے اس فیصلے کا اعلان کرنے کے لیے ‘گرو پرب’ کے دن کا انتخاب کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر ہندوستانی کی فلاح و بہبود کے علاوہ ان کے پاس کوئی دوسرا خیال نہیں ہے۔ انہوں نے بہترین حکمرانی کی مہارت کا مظاہرہ کیاہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے آج ٹویٹ کرکے زراعت کے تینوں قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا۔ بعد میں اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ ہم نے زراعت کے تینوں قوانین کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں ہم ان تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے لیے آئینی عمل مکمل کریں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج ہی حکومت نے زرعی شعبے سے متعلق ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ زیرو بجٹ فارمنگ یعنی قدرتی کاشتکاری کو فروغ دینے کے لیے، کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کو زیادہ موثر اور شفاف بنانے کے لیے، مستقبل کو دیکھتے ہوئے فیصلے کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper