آسٹریلیا کے عظیم اسپنر شین وارن موٹر سائیکل حادثے میں زخمی

سڈنی،29؍ نومبر – آسٹریلیا کے عظیم اسپن باؤلر شین وارن ایک موٹر سائیکل حادثے میں زخمی ہو گئے۔ تاہم زخم سنگین نہیں ہے اور انہیں احتیاط کے طور پراسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے پیر کو نیوز کارپ کے حوالے سے بتایا کہ شین وارن اپنے بیٹے جیکسن کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ اس دوران وہ موٹر سائیکل سے گرگئے اور 15 میٹر سے زیادہ تک پھسل گئے۔ ایسے میں احتیاط کے طور پر انہیں اسپتال داخل کرایا گیا ۔رپورٹ کے مطابق 52 سالہ شین وارن سنگین انجری سے بال بال بچ گئے ہیں تاہم پیر کی صبح جب بیدار ہوئے اور انہیں کافی درد محسوس ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس ڈر سے کہ ان کی ٹانگ ٹوٹ تونہیںگئی ہے یا اس کے کولہے کو نقصان پہنچا ہے، وہ احتیاط کے طور پر دوبارہ اسپتال چلے گئے، شین وارن نے آسٹریلوی ٹیم کے لیے 145 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور 708 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔ وہ کھیل کے طویل فارمیٹ میں دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔
شین وارن نے کہا کہ مجھے معمولی چوٹ لگی ہے اور بہت تکلیف ہوئی ہے۔ شین وارن کو 8 دسمبر کو گابا میں شروع ہونے والی آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ ایشز سیریز کے لیے فاکس اسپورٹس کے کمنٹری اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے اسٹیو اسمتھ کے بارے میں ایک بیان دیا، جنہیں کرکٹ آسٹریلیا نے ایشز سیریز سے قبل نائب کپتانی سونپی ہے۔ وارن کا کہنا ہے کہ اسمتھ کو ٹیسٹ کپتانی دی جانی چاہیے تھی۔