بھوپال اور اندور میں نافذ ہوگا پولیس کمشنری نظام۔ شیوراج

بھوپال، 21 نومبر ۔مدھیہ پردیش میں ریاستی حکومت نے دو بڑے شہروں اندور اور بھوپال میں پولیس کمشنر نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اتوار کو سوشل میڈیا کے ذریعے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ امن و امان کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ چوہان نے ٹویٹ کیا کہ- ’’ہم راجدھانی بھوپال اور صاف ستھرے شہر اندور میں ریاست کے دو بڑے شہروں میں پولیس کمشنر نظام نافذ کر رہے ہیں۔ ریاست میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، پولیس اچھا کام کر رہی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے مل کر کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جغرافیائی نقطہ نظر سے بھی بڑے شہر پھیل رہے ہیں اور آبادی میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے امن و امان کے کچھ نئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ہم نے انہیں حل کرنے اور جرائم کو قابو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماقبل سے بہتر امن و امان نظام کو مزید بہتر بنانے کا کام ہو گا۔
پولیس کمشنری نظام نافذ ہونے کے بعد ہنگامی حالات میں جیسے فسادات، دھرنا اور مظاہروں کے دوران لاٹھی چارج یا طاقت کا استعمال کرنے کے لئے پولیس افسران خود فیصلہ لے سکیں گے۔ ابھی یہ نظام نہیں ہے۔ ابھی پولیس افسران کو ایمرجنسی حالات میں کلکٹر، کمشنر یا پھر ریاستی حکومت کی ہدایتوں کے مطابق کام کرنا پڑتا ہے، لیکن پولیس کمشنر سسٹم نافذ ہونے سے شہر میں قانون نظام بنانے کے لئے ضروری فیصلہ پولیس افسران خود کر سکیں گے۔