جمنا 2025 تک صاف ہو جائے گی: کیجریوال

نئی دہلی، 18 نومبر – دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت سال 2025 تک جمنا کو صاف کرنے کے مشن پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ حکومت اس کام کو مقررہ وقت میں مکمل کر لے گی۔
جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ جمنا 70 سالوں سے آلودہ ہے۔ اسے ایک دو دن میں صاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمنا کی صفائی کرکے ان کی حکومت دہلی کے لوگوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے گی۔ کیجریوال نے کہا کہ جمنا کی صفائی کے لیے چھ ایکشن پوائنٹس تیار کیے گئے ہیں۔ اس کے لیے وہ بذات خود پیش رفت کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمنا میں بغیر صاف کئے سیور گرا دیئے جاتے ہیں۔ اس کے لیے نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس بنائے جائیں گے اور پرانے پلانٹس کی استعداد بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی میں تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ کیجریوال نے کہا کہ چار بڑے گندے نالے سیدھے جمنا میں گرتے ہیں۔ ان نالوں پر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا انتظام کیا جائے گا۔ نجف گڑھ، غازی پور، بادشاہ پور نالوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اب انڈسٹری کے فضلے کا بھی حساب دینا ہو گا۔ یہ فضلہ کوکہیں بھی نہیں پھینکا جا سکے گا۔ کچی آبادیوں تک سیوریج نیٹ ورک کو مضبوط کیا جائے گا۔ دہلی کے ہر گھر کو سیوریج کنکشن سے جوڑا جائے گا۔ اس کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔