نوازالدین صدیقی ایمی ایوارڈ اپنے نام کرنے میں ناکام ہوگئے

ممبئی،۲۵؍نومبر-معروف بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی انٹرنیشنل ایمیز 2021 میں بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔ نوازالدین صدیقی انٹرنیشنل ایمیز 2021 میں بہترین اداکار کی کیٹیگری میں اسکاٹش اداکار ڈیوڈ ٹینینٹ سے ہار گئے۔
ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے کے بعد سے نوازالدین صدیقی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں۔نوازالدین صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بہترین اداکار کی کیٹگری میں ایمی ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اپنے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام شیئر کیا ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ’ یہ ہمیشہ آپ کا انتخاب کہ آپ کو یاد رکھا جائے گا چاہے آپ جیتیں یا ہاریں‘۔نوازالدین صدیقی کے علاوہ ہندوستانی مشہور شخصیات، جیسے ویر داس اور سشمیتا سین کو بھی ایمی ایوارڈز کے مختلف کیٹگریز میں نامزد کیا گیا تھا، لیکن یورپی ممالک جیسے فرانس اور سکاٹ لینڈکے فنکاروں نے ایمی ایوارڈز کا میلا لوٹ لیا۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل ایمیز 2021 کا انعقاد امریکا کے شہر نیویارک میں ہوا تھا۔انٹرنیشنل ایمیز ہر سال بین الاقوامی ٹیلی ویڑن انڈسٹری میں بہترین فنکاروں کو سراہنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔