ووڈا آئیڈیا اور ایئر ٹیل نے نمبر پورٹابلیٹی میں لگایا اڑنگا،2 جی گاہکوں کو روکنے کی کوشش

نئی دہلی۔ 27نومبر- ٹیلی کام سیکٹر کی بڑی کمپنی ووڈا۔ آئیڈیا اور ایئر ٹیل کے حالیہ پیش کردہ ٹیرف پلانس کے سلسلے میں تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ دونوں ہی کمپنیوں نے کچھ ایسے ٹیرف پلان پیش کئے ہیں جو مہنگے ہونے کے ساتھ ساتھ نمبر پورٹابلیٹی کی سہولت میں بھی رخنہ ڈال رہے ہیں۔
نمبر پورٹابلیٹی کے خواہشمندگاہکوں کو اپنے موبائل نمبر سے ایک ایس ایم ایس بھیج کر نمبر پورٹابلیٹی ریکویسٹ جنریٹ کرنی پڑتی ہے۔ بغیر پورٹابلیٹی ریکویسٹ کے جنریٹ نمبر پورٹ نہیں ہوسکتا۔ ووڈا۔ آئیڈیا اور ایئر ٹیل کے کچھ نئے ٹیرف پلانس میں آوٹ گوئنگ ایس ایم ایس کی سہولت ہی نہیں ہے۔
ووڈا۔ آئیڈیا اور ایئر ٹیل کے ’نوآؤٹ گوئنگ‘ والے پلانس کے گاہک، پورٹنگ کیلئے ضروری ایس ایم ایس نہیں بھیج سکتے ۔ ان کے پاس بس دو متبادل بچتے ہیں ۔ پہلا کوئی ایسا مہنگا پلان خریدیں جس میں ایس ایم ایس کی سہولت ہو اور دوسرا،نمبر پورٹابلیٹی کا آئیڈیا چھوڑکر اپنی خواہش کے برعکس پرانی کمپنی کے ساتھ ہی بنے رہیں۔
ووڈا۔ آئیڈیا کی بات کریں تو اس کے 179 روپے والے پلان میں ایس ایم ایس کی سہولت ہے تو اگرگاہک نمبر پورٹ کروانا چاہتا ہے تو اسے کم سے کم 179 روپے والا پلان خریدنا پڑے گا۔گاہکوں کے حقوق کیلئے لڑنے والی تنظیم ٹیلی کام۔ واچ ڈاگ نے اسے کمپنیوں کی چالبازی اور گاہکوں کے ساتھ نا انصافی قرار دیاہے۔ بتاتے چلیں کہ ’نو آوٹ گوئنگ ایس ایم ایس‘ والے پلانس کی قیمتیں کم ہیں اور انہیں عام طور پر کم آمدنی والے گاہک استعمال کرتے ہیں۔ 2 جی نیٹ ورک کا استعمال کرنے والے گاہک بھی اسی انکم گروپ میں آتے ہیں۔
ٹرائی کو لکھے خط میں ٹیلی کام۔ واچ ڈاگ کے سکریٹری وکرم متل نے ووڈا۔ آئیڈیا کی شکایت کرتے ہوئے لکھا کہ ووڈا فون آئیڈیا نے ایس ایم ایس سروس کو بڑی چالاکی سے 179 روپے والے پلان میں شفٹ کردیا ہے۔ اب اگر کم قیمت والے ٹیرف پلان استعمال کرنے والا کوئی گاہک نمبر پورٹ کروانا چاہتا ہے تو اسے اضافی 179 روپے خرچ کرنے پڑیں گے۔
متل نے مزید کہا کہ ہم بے حد حیران ہیں کہ ووڈا۔ آئیڈیا کے اس قدم کو کسی نے نوٹس نہیں کیا اور نہ ہی ٹرائی نے گاہکوں کے مفاد میں کوئی ایکشن لیا ہے۔ ایس ایم ایس سروس سب سے کم قیمت کے پلان میں بھی ہونی چاہئے۔ ہم ٹرائی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کمپنی کے ان غلط اقدامات پر فوراً روک لگائیں۔
ٹرائی کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2021 میں ہی ملک میں 1کروڑ سے زیادہ ٹیلی کام گاہکوں نے نمبر پورٹابلیٹی کیلئے ریکویسٹ کی تھی۔ ٹیلی کام کمپنیوں کا یہ قدم لاکھوں گراہکوں پر سیدھا اثر ڈال سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ریلائنس جیو مسلسل ووڈا۔ آئیڈیا اور ایئر ٹیل کے لو۔ انکم گروپ والے 2 جی گاہکوں کو اپنی 4 جی نیٹ ورک کی طرف مسلسل راغب کررہا ہے۔ دونوں کمپنیوں نے نئے’نو آوٹ گوئنگ ایس ایم ایس ٹیرف پلان لاکر پچھلے دروازے سے اسے روکنے کی کوشش کی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگرگاہک پورٹ کروانا چاہتا ہے تو اسے اپنے پرانے پلان کی ویلڈیٹی ختم ہونے سے پہلے ہی پورٹ کی عرضی دے دینی چاہئے۔