ریاست

آنجہانی سی ڈی ایس جنرل بپن راوت پر نازیباتبصرہ کرنے والوں کو نہیں بخشیں گے: دھامی

Written by Taasir Newspaper

دہرادون ، 11 دسمبر ۔ چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ سی ڈی ایس جنرل بپن راوت پر توہین آمیز ریمارکس کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر نہیں بخشیں گے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اس حکم میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا یا دیگر میڈیا میں واقعہ پر توہین آمیز ریمارکس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ دھامی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اگر ریاست میں کوئی شرارتی عناصر، بد طینی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، سوشل میڈیا یا کسی اور شکل میں شہید فوجیوں پر کوئی قابل اعتراض تبصرہ کرتا ہے، تو حکومت اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت تعزیری کارروائی کرے گی۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک اور ٹویٹ کیا کہ ہمارے لیے ہمارے فوجیوں کا احترام سب سے اوپرہے۔ آنجہانی سی ڈی ایس جنرل بپن راوت ہمیشہ اتراکھنڈ کا فخر رہیں گے۔ ان پر تبصرہ کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔دریںاثنا آنجہانی سی ڈی ایس بپن راوت اور ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت کی استھیوں کو ہفتے کے روز اتراکھنڈ کے ہریدوار میں ہر کی پَیڑی کے وی آئی پی گھاٹ پر گنگا میں وسرجن کیا گیا۔دہلی سے راوت جوڑے کی استھی کلش لے کرسی ڈی ایس کی بیٹیاں کریتکا اور تارینی صبح تقریباً 11 بجے ہریدوار کے وی آئی پی گھاٹ پہنچیں، جہاں فوجی اعزازات اور رسومات کے ساتھ استھیاں گنگا میں بہائی گئیں۔ وسرجن کا عمل مایارام پانڈا فرم کے آدتیہ وششت اور ابھینو وششت نے مکمل کیا۔اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اجے ٹمٹا، ریاستی وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، اسمبلی اسپیکر پریم چند اگروال، بی جے پی کے ریاستی صدر مدن کوشک، کابینی وزیر سوامی یتیشرانند، ہریدوار کی میئر انیتا شرما، رشی کیش کی میئر انیتا ممگئی وغیرہ موجود تھے۔

About the author

Taasir Newspaper