گھر جانے سے قبل سنگھو بارڈر پر کسان جذباتی ہوئے

نئی دہلی،11دسمبر – دہلی-ہریانہ سرحد پر ایک سال سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والے احتجاج کے بعد کسانوں کی گھر واپسی کا حکم جاری ہو گیا ہے۔ ہفتہ کو، پھولوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں کا ایک قافلہ فاتحانہ گیت بجاتے ہوئے سنگھو دھرنا سائٹ سے باہر آیا۔ لیکن اس دوران کسانوں بھی جذباتی ہوگئے ۔ سنگھو سرحد سے نکلنے سے پہلے کچھ کسانوں نے ہون کیا، جب کہ کچھ نے کیرتن گاکر اپنی فتح کا جشن منایا۔ جب کہ کچھ کسان اس دن کو یوم فتح کے طور پر منانے کے لیے بھانگڑا کرتے نظر آئے۔ دوسری جانب پنجاب اور ہریانہ میں سنگھو بارڈر سے واپس آنے والے کسانوں کا مٹھائی اور ہار پہنا کر استقبال کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ نہ صرف دہلی-کرنال-انبالہ اور دہلی-حصار قومی شاہراہوں پر بلکہ ریاستی شاہراہوں پر کئی مقامات پر کسانوں کے اہل خانہ اپنے گاؤں والوں کے ساتھ کسانوں کا استقبال کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی جارہی ہیں۔ جبکہ ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں کی نقل و حرکت نے دہلی-سونی پت-کرنال قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی رفتار کم کر دی۔ گاڑیوں کا قافلہ دور دور سے نظر آتا ہے۔ متحدہ کسان مورچہ نے جمعرات کو حکومت کی طرف سے 29 نومبر کو پارلیمنٹ میں ان قوانین کی منسوخی اور بعد میں ایم ایس پی پر قانونی ضمانت کے لیے ایک پینل کی تشکیل سمیت مختلف مطالبات کو تسلیم کرنے کے بعد احتجاج کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔اب جب کسانوں نے سنگھو بارڈر سے اپنے گھروں کو لوٹنا شروع کیا ہے تو وہ جذباتی ہورہے ہیں ،ان کے چہروں پر جیت کی خوشی صاف طور پر نظر آرہی ہے ۔ کسان گزشتہ ایک سال سے ایک ساتھ رہنے کے بعد ایک دوسرے کو الوداع کرتے ہوئے گلے ملتے اور مبارکباد دیتے ہوئے نظر آئے۔امبالہ کے گروندر سنگھ نے کہاکہ یہ ہمارے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے۔ ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہماری جدائی ہمارے لئے اتنی مشکل ہو گی، جیسا کہ ہمارا اس جگہ کے لوگوں سے گہرا تعلق بن چکا تھا۔ یہ تحریک ہمارے دل دماغ میں ہمیشہ محفوظ رہے گی۔
سنگھو بارڈر پر پولیس کی موجودگی بہت کم تھی اور وہاں موجود تمام پولیس والوں کے چہروں پر سکون کے تاثرات واضح طور پر دیکھے جا سکتے تھے۔ ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ ہم اپنی ڈیوٹی بخوبی انجام دے رہے تھے۔ احتجاج کے خاتمے سے یقینامسافروں اور مقامی لوگوں کو بڑی راحت ملے گی۔سونی پت کے ایک ٹریفک پولیس افسر نے بتایا کہ سونی پت کرنال قومی شاہراہ پر گاڑیاں آہستہ آہستہ چل رہی ہیں۔ ہائی وے پر بعض گاڑیاں رانگ سائیڈ سے چل رہی ہیں ، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح ہوکہ دہلی روہتک قومی شاہراہ پر بعض مقامات پر ٹریفک جام ہے۔