فن فنکار

متنازعہ اداکارہ شویتا تیواری کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا ہے

Written by Taasir Newspaper

بھوپال،27؍جنوری -،مشہور ٹیلی ویڑن اداکارہ شویتا تیواری ان دنوں اپنے ایک متنازعہ بیان کو لے کر بحث میں ہیں۔ شویتا کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگی اور وہ ٹرولر کے نشانے پر آگئیں۔ اس کے ساتھ ہی شویتا تیواری کے اس متنازعہ بیان کو لے کر ملک کے کئی حصوں میں احتجاج ہو رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق شویتا 26 جنوری کو پروڈکشن ٹیم کے ساتھ ایک فیشن ویب سیریز ‘ شو اسٹاپر’ کی تیاریوں اور تشہیر کے لیے بھوپال آئی تھیں۔ اس ویب سیریز کی شوٹنگ بھوپال میں ہی کی جانی ہے۔ سیریز کے حوالے سے بھوپال میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران شویتا تیواری کے ساتھ اداکار کنولجیت، سوربھ راج جین، روہت رائے اور دیگانگنا سوریاونشی موجود تھے۔ یہ سب اس ویب سیریز میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ سیریز کے کرداروں میں سے ایک برا فٹر کا ہے۔ جسے سوربھ اداکررہے ہیں۔ اداکار اس سے قبل سیریل مہابھارت میں بھگوان کرشنا کا کردار ادا کر چکے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران سیریل مہابھارت میں بھگوان کرشنا کا کردار ادا کرنے والے اداکار سوربھ راج جین سے پوچھا گیا کہ آپ اب تک بھگوان کا کردار ادا کرتے تھے اور اب برا فٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس دوران شویتا نے ہنستے ہوئے کہا – ‘بھگوان ‘ سیریز میں میری چولی کا سائز لے رہا ہے۔ اس وقت وہاں موجود لوگوں نے شویتا کے اس بیان کو طنزیہ انداز میں لیا۔ لیکن شویتا کا یہ بیان فوراً سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس کے بعد کچھ لوگ شویتا پر مذہبی جذبات سے کھیلنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ شویتا نے فیشن کی چیز کے ساتھ بھگوان کو جوڑ کر اچھا نہیں کیا۔ لوگ شویتا تیواری کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اب یہ معاملہ سیاسی کشیدگی اختیارکر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے اس بیان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے پولیس کمشنر بھوپال سے کہا ہے کہ وہ 24 گھنٹے میں تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں۔ وہیں کانگریس کے میڈیا کوآرڈینیٹر نریندر سلوجا نے بھی ٹویٹ کرکے اداکارہ کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

About the author

Taasir Newspaper