’آسکر کی تقریب میزبان کے ساتھ منعقد کرنے کا اعلان

لاس اینجلس،۱۴؍جنوری-فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈآسکر’ دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وڑن نیٹ ورک نے اعلان کیا ہے کہ اس سال ایوارڈز تقریب کا انعقاد میزبان کے ساتھ کیا جائے گا۔’آسکر‘ ایوارڈز کی تقریب گزشتہ تین سال سے کسی میزبان کے بغیر ہی منعقد کی جا رہی تھی۔خبر وںکے مطابق آسکر ایوارڈز کی تقریب کو براہ راست نشر کرنے والے چینل اے بی سی کی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ رواں برس کی تقریب میزبان کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔ٹی وی چینل اور ایوارڈز دینے والی اکیڈمی کی انتظامیہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایوارڈز تقریب کو اپنے مقرر وقت یعنی 27 مارچ کو ہی منعقد کیا جائے گا۔انتظامیہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ 94 ویں سالانہ تقریب کا انعقاد لاس اینجلس کے روایتی ڈولبے تھیٹرز میں منعقد کیا جائے گا، جہاں سالوں سے تقریب منعقد ہوتی آ رہی ہے۔انتظامیہ نے اگرچہ اس بات کی تصدیق کی کہ رواں سال تقریب کو میزبان کے ساتھ ڈولبے تھیٹرز میں ہی منعقد کیا جائے گا، تاہم منتظمین نے فوری طور پر میزبان کے نام کا اعلان نہیں کیا۔منتظمین نے کورونا کے کیسز بڑھنے کے باوجود کہا ہے کہ تقریب مقرر وقت پر منعقد ہوگی۔اس سے قبل گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے تاخیر سے اپریل میں تقریب منعقد کی گئی تھی، جب کہ تقریب کو محدود کرکے ڈولبے تھیٹرز کے بجائے تاریخی ریلوے اسٹیشن پر کھلے مقام پر منعقد کیا گیا تھا۔اب انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تقریب کا انعقاد روایتی ڈولبے تھیٹرز میں ہی ہوگا، جہاں 3400 مہمانوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔تاحال 94 ویں ’آسکرز‘ کی نامزدگیوں کا اعلان نہیں کیا، آئندہ ماہ فروری کے آغاز میں نامزدگیوں کا اعلان ہوگا۔
عام طور پر ’آسکرز‘ کی تقریب فروری کے اختتام پر ہوتی ہے، تاہم کورونا کے پیش نظر رواں برس مارچ کے اختتام پر ہوگی، گزشتہ برس بھی تقریب اپریل میں کی گئی تھی۔