دہلی میں ویک اینڈ کرفیو ہٹایا گیا، رات کا کرفیو جاری رہے گا

نئی دہلی،27جنوری ۔راجدھانی دہلی میں کورونا کے معاملات میں کمی کے بعد اب ویک اینڈکرفیو اور بازاروں پر نافذ آڈ-ایون سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ رات میں کرفیو جاری رہے گا دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کے ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز میٹنگ میں دہلی کے بازاروں کی دکانوں میں نافذ طاق-جفت کے فارمولے کو ہٹانے کے ساتھ ہی ویک اینڈ کرفیو کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا حالانکہ رات کا کرفیو پہلے کی طرح جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سنیما ہال 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھلیں گے۔ شادی کی تقریب میں بھی 200 افراد کی شرکت پر رعایت ہوگی۔ دہلی میں سرکاری دفاتر 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھلیں گے۔ اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور وہ اگلے احکامات تک بند رہیں گے۔
’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری ذریعہ نے بتایا کہ حکومت طلباء کی اس ماہ کے آخر تک کی ٹکہ کاری کی صورت حال کے لحاظ سے فروری سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے پر بھی غور کر سکتی ہے۔ دہلی حکومت نے جمعہ کے روز وبائی صورتحال کے پیش نظر اختتام ہفتہ کے کرفیو کو ختم کرنے اور دکانیں کھولنے کے لئے طاق و جفت فارمولہ کو ختم کرنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے کہا تھا کہ جب تک صورتحال مزید بہتر نہیں ہو جاتی پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔غور طلب ہے کہ کچھ عرصہ قبل دہلی حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے تمام نجی دفاتر کو مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ یعنی تمام پرائیویٹ دفاتر سے کہا گیا کہ اب تمام ملازمین سے ڈبلیو ایف ایچ (ورک فرام ہوم) کرایا جائے۔ اس سے پہلے دفاتر 50 فیصد عملے کے ساتھ کھل رہے تھے۔ صرف اتنا ہی نہیں ریسترانوں اور شراب خانوں کو بھی سخت ہدایات دی گئیں کہ اب وہ صرف ہوم ڈیلیوری کر سکیں گے۔ پہلے 50 فیصد لوگ وہاں بیٹھ کر کھانا کھا سکتے تھے۔ صرف ضروری خدمات سے تعلق رکھنے والے افراد اور دفاتر کو اس اصول سے مستثنیٰ کیا گیا تھا۔