ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہندستان اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف کھیلے گا

دبئی ،21؍ جنوری- ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے T20 ورلڈ کپ کا اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعہ کو اس ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کیا جس کا فائنل 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ہندوستان کو گزشتہ سال دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی پہلی شکست تھی۔ہندوستان 27 اکتوبر کو سڈنی میں کوالیفائر (گروپ اے کا رنر اپ) سپر 12 کے گروپ II کا اپنا دوسرا میچ کھیلے گا۔ اس کے بعد اس کا مقابلہ 30 اکتوبر کو پرتھ میں جنوبی افریقہ اور 2 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں بنگلہ دیش سے ہوگا۔ہندوستانی ٹیم سپر 12 کا اپنا آخری میچ 6 نومبر کو ایم سی جی میں گروپ بی کی فاتح ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ سپر 12 کا آغاز 22 اکتوبر کو دفاعی چمپئن اور میزبان آسٹریلیا اور گزشتہ بار کی رنر اپ نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ یہ میچ سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ سپر 12 میں آسٹریلیا کو گروپ ون میں عالمی نمبر ایک انگلینڈ، نیوزی لینڈ، افغانستان اور گروپ اے کی فاتح اور گروپ بی کی رنر اپ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔سیمی فائنلز بالترتیب 9 اور 10 نومبر کو سڈنی اور ایڈیلیڈ اوولز میں کھیلے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب ایڈیلیڈ اوول ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا۔ فائنل 13 نومبر کو ایم سی جی میں کھیلا جائے گا۔ پہلے راؤنڈ کا افتتاحی میچ 2014 کی چمپئن سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان 16 اکتوبر کو کارڈینیا پارک جیلانگ میں کھیلا جائے گا۔ گروپ اے سے دو دیگر ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔دو بار کی چمپئن ویسٹ انڈیز بھی پہلے راؤنڈ میں کھیلے گی۔ انہیں اسکاٹ لینڈ اور دو کوالیفائرز کے ساتھ بی رکھا گیا ہے۔ اس گروپ کے میچز ہوبارٹ میں ہوں گے۔ ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔