کوہلی کے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے سے روہت حیران ہیں

نئی دہلی ،16جنوری ۔وراٹ کوہلی نے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس پر اکثر کرکٹرز اور ماہرین کرکٹ حیران ہیں۔ ان میں سے ایک نام ہندوستان کی محدود اوورز کی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا ہے۔ وراٹ کوہلی کے ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے سے روہت شرما بھی حیران ہیں۔ اتوار 16 جنوری کو انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے وراٹ کوہلی کو نیک خواہشات بھی پیش کی ہیں۔روہت شرما نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وراٹ کوہلی کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی اور اس کا کیپشن لکھا، “حیران ک!! لیکن ہندوستانی کپتان کے طور پر کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات۔ وراٹ کوہلی کو مستقبل کے لئے نیک خواہشات۔” وراٹ اور روہت کے درمیان چھتیس کا آنکڑا بتایا جاتا ہے لیکن اکثر دونوں نے کسی بھی تنازعہ کو در کنار کر دیا ہے ۔ہندوستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتان وراٹ کوہلی نے ملک کے لیے 40 ٹیسٹ میچ جیتے ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-1 سے ہارنے کے بعد کرکٹ کے طویل ترین فارمیٹ کی کپتانی چھوڑ دی۔ انہوں نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے کپتانی چھوڑ دی تھی اور دسمبر میں ان سے ون ڈے ٹیم کی کپتانی چھین لی گئی تھی۔ اس کے بعد روہت شرما کو محدود اوورز کی ٹیم کا کپتان بنایا گیا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ بھارت کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر روہت شرما بھی سلیکٹرز کی پہلی پسند ہوں گے۔ اگر ٹیم کپتانی پر غور کرتی ہے تو کے ایل راہل کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔ کے ایل راہل نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی کپتانی کی تھی لیکن ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔