ہتک عزت مقدمہ،سلمان نے سوشل میڈیا سائٹس کو بھی شامل کیا

ممبئی ،۲۷؍جنوری-بولی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان ان دنوں ممبئی کے پنویل میں واقع اپنے فارم ہاؤس کے پڑوسی کے خلاف مقدمہ لڑ رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے چند روز قبل ممبئی کے پنویل میں واقع اپنے فارم ہاؤس کے پڑوسی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔سلمان خان نے ہتک عزت کے مقدمے میں الزام لگایا تھا کہ پنویل میں ان کے فارم ہاؤس کے قریب زمین کے مالک کیتن ککڑ نے یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔سلمان کی جانب سے دائر درخواست کے مطابق کیتن ککڑ نے انٹرویو میں گالیاں دیں، مقدمے میں شو میں حصہ لینے والے دو دیگر افراد کو بھی مدعی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔اس معاملے پر یوٹیوب کے علاوہ سلمان خان نے اپنے کیس میں فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل جیسی سوشل میڈیا سائٹس کا نام بھی شامل کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس گستاخانہ مواد کو ہر ویب سائٹ سے بلاک اور ہٹانے کی ہدایت کی جائے۔ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے وکیل پردیپ گاندھی نے سماعت کے دوران کہا کہ کیتن نے سلمان خان پر ‘ ڈی گینگ کا فرنٹ مین ہونے، مذہبی شناخت پر تبصرہ کرنے اور مرکز اور ریاستی سطح پر حکمراں جماعت سے وابستہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔یہی نہیں کیتن نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سلمان بچوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور فلمی ستاروں کی لاشیں بھی ان کے فارم ہاؤس میں دفن ہیں۔
خیال رہے کہ سلمان کے پڑوسی کیتن ککڑ کی ویڈیوز کافی شیئر کی جا رہی تھیں۔سلمان خان نے وکیل کے ذریعے عدالت سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ کیتن کو انھیں بدنام کرنے سے روکے اور سوشل میڈیا سے ان کے خلاف تمام ویڈیوز ہٹانے کے احکامات جاری کرے۔ کیتن ککڑ کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے اپنے وکیل پردیپ گاندھی کے ذریعے عدالت میں کہا کہ یہ الزامات بغیر کسی کاغذی ثبوت کے لگائے جا رہے ہیں ۔
اور میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔