ہربھجن سنگھ کورونا مثبت، خود کو گھر میں قرنطینہ کیا

نئی دہلی، 21 جنوری ۔ بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ کورونا کا شکار ہو گئے۔ ہربھجن نے خود اس کی تصدیق کی اور جمعہ کو کہا کہ انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔ہربھجن نے ٹویٹ کیا، “مجھے ہلکی علامات ہیں اور میرا کووڈ کا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔ میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ میں ان لوگوں سے درخواست کروں گا جو میرے ساتھ رابطے میں آئے ہیں۔ جلد از جلد اپنا ٹیسٹ کروائیں۔ براہ کرم محفوظ رہیں اور خیال رکھیں۔”گزشتہ سال دسمبر میں ہربھجن نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
41 سالہ ہربھجن نے ہندوستان کے لیے 103 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں۔ محدود اوورز کی کرکٹ میں ان کے نام 294 وکٹیں ہیں۔انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2015 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔
جب کہ ان کا آخری ون ڈے اسی سال جنوبی افریقہ کے خلاف تھا۔ ہندوستان کے لیے ان کا آخری T20 میچ 2016 کے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف تھا۔ اس کے بعد سے وہ ہندوستانی ٹیم میں منتخب نہیں ہوئے تھے۔ہربھجن نے 103 ٹیسٹ میں 32.46 کی اوسط سے 417 وکٹیں لے کر ریٹائر ہوئے۔ وہ 2007ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا رکن رہے۔ وہ ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے ہندوستانی بھی ہیں۔ جالندھر میں پیدا ہونے والے ہربھجن نے 367 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ ان کے نام 711 بین الاقوامی وکٹیں اور 3,569 بین الاقوامی رن ہیں۔