کٹر نکسلائیٹ بھگوان کسکو گریڈیہہ میں گرفتار

گریڈیہہ، 24 فروری ۔ ممنوعہ سی پی آئی-ماؤسٹ کے ایک کٹر نکسلائیٹ بھگوان کسکو کو گریڈیہہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ پارسناتھ کے دامن میں کھوکھرا تھانہ علاقہ کے جنگل سے کسکوکو پکڑا گیا ہے۔ پولیس نے بھگوان کسکو کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس پی امیت رینو کو اطلاع ملی تھی کہ پارس ناتھ کے دامن میں نکسلیوں کا ایک دستہ دیکھا گیا ہے۔ اس اطلاع پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیم نے علاقے میں تلاشی مہم چلائی اور کھوکھرا تھانہ علاقہ کے چترو جنگل سے ایک مشتبہ شخص کو پکڑا جوبھگوان کسکو نکلا۔
معلومات کے مطابق جب پولیس اور سی آر پی ایف نے گرفتار ملزم سے پوچھ گچھ شروع کی تو اس نے بتایا کہ اس کا نام بھگوان ہے اور وہ نکسلی تنظیم سے وابستہ ہے۔ پولیس نے کہا کہ اس نے گزشتہ سال پروت پور میں بنائے جانے والے پولیس کیمپ کے خلاف تحریک کی قیادت بھی کی تھی۔ یہ مدھوبن اور پیرٹانڈ تھانہ کے علاقوں میں بم رکھ کر پولیس کو پھنسانے کی کوشش میں بھی ملوث تھا۔ تاہم دونوں بار پولیس اور سی آر پی ایف نے بم برآمد کرلیا۔ گرفتار بھگوان نے یہ بھی بتایا کہ وہ مدھوبن اور کھوکھرا تھانے کے علاقوں میں موبائل ٹاوروں کو اڑانے، ڈمری میں نورنگو کے قریب بڑاکر ندی پر پل کو اڑانے میں بھی ملوث تھا۔
پچھلے مہینے نکسلیوں نے یوم مزاحمت منایا اور بند کا اعلان بھی کیا۔ اس دوران کئی مقامات پر دھماکے بھی ہوئے۔ اس کے بعد پولس نے لگاتار کارروائی کی اور ایک کے بعد ایک نکسلیوں اور نکسل تنظیم کو دھماکہ خیز مواد سپلائی کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔