سیاست

شیوراج حکومت کی اقتدار میں واپسی کے دو سال مکمل، ریاست بھر میں جشن کا ماحول

Written by Taasir Newspaper

بھوپال، 23 مارچ : مدھیہ پردیش میں کانگریس کی کمل ناتھ حکومت گرنے کے بعد دو سال قبل آج کے ہی دن وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت دوبارہ اقتدار میں آئی۔ کمل ناتھ نے 20 مارچ 2020 کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کی حکومت گر گئی تھی۔ اس کے بعد شیوراج سنگھ چوہان نے 23 مارچ کو ریاست میں چوتھی بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ شیوراج حکومت کی چوتھی میعاد کے بدھ کو دو سال مکمل ہو گئے۔ اس موقع پر ریاست بھر میں جشن کا ماحول ہے۔
وزیر اعلیٰ چوہان کا بھوپال واقع اپنے بنگلے پر بی جے پی ایم ایل اے رامیشور شرما نے انوکھے انداز میں استقبال کیا۔انہوں نے اپنے بنگلے کے باہر بلڈوزر کی لائن لگائی اور وزیر اعلیٰ چوہان کا گاجے باجے کے ساتھ پرجوش استقبال کیا گیا۔شیوراج حکومت کی چوتھی اننگز کے دو سال مکمل ہونے پر راجدھانی بھوپال سمیت ریاست بھر میں جشن کا ماحول ہے۔ بی جے پی لیڈران اور کارکنان بدھ کی صبح سے ہی پروگرام منعقد کر کے خوشیاں منا رہے ہیں۔ اسی کے تحت شہر کے حضور اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے رامیشور شرما نے بھی ایک منفرد تقریب کا اہتمام کیا۔ انہوں نے مالویہ نگر میں اپنی رہائش گاہ ’’یووا سدن‘‘ کے باہر 15 بلڈوزر لگوائے۔ بی جے پی کارکنوں کی بڑی تعداد یہاں جمع ہوئی اور ڈھول بجا کر وزیر اعلیٰ کے دو سال مکمل ہونے پر جشن منایا۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان جب ان کی رہائش گاہ پہنچے تو بی جے پی کارکنوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا اور انہوں نے ’بلڈوزر ماما زندہ باد‘ کے نعرے لگائے۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ میں ریاست کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے خدمت کا یہ موقع دیا۔ مجھے گزشتہ سالوں میں عوام کی بھرپور حمایت ملی ہے اور مرکزی قیادت کی رہنمائی بھی مسلسل ملتی رہی ہے۔ آنے والے وقت میں ہم عوام کی حمایت، پارٹی تنظیم کے تعاون اور مرکزی قیادت کی رہنمائی میں وزیر اعظم کے خود کفیل ہندوستان کے عزم کو پورا کرنے کے لیے مدھیہ پردیش کو خود کفیل بنائیں گے۔

About the author

Taasir Newspaper