’افکارکے گیارہ بابوں‘ میں جھارکھنڈ کی تاریخ کا احاطہ کرنے کی کوشش: وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین

رانچی، 23 مارچ : وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بدھ کے روز جھارکھنڈ اسمبلی کے اسپیکر رابندر ناتھ مہتو کی لکھی ہوئی کتاب’’ تھائوٹس آف الیون چیپٹر‘‘ کا اجرا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کتاب میں جھارکھنڈ کی ماضی اور حال کی تاریخ کو ملانے کی کوشش کی گئی ہے۔ا سپیکر اسمبلی نے بطور مصنف اس کتاب میں جن خیالات کا اظہار کیا ہے وہ سنگ میل ثابت ہوں گے۔ یہ کتاب عوام الناس کے لیے بھی بہت مفید ثابت ہوگی۔کتاب کی کئی جہتیں ہیں۔اس کتاب میں مصنف نے بہت سے پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے۔ اس کتاب میں ایک طرف جھارکھنڈ کی تاریخی تحریکوں اور قبائلیوں کی بھرپور روایت اور ثقافت کو محفوظ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی یہ کتاب جھارکھنڈ علیحدہ ریاست کی تحریک کے شہیدوں کو وقف ہے۔ اس کے ذریعے یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہندوستانی جمہوریت میں چھوٹی ریاستوں کی تشکیل کتنی ضروری ہے۔ کتاب میں جھارکھنڈ کے کھیلوں اور ثقافتوںکی صلاحیتوں سے روشناس کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ریلیز کی تقریب میں اسمبلی کے اسپیکر رابندر ناتھ مہتو اور پارلیمانی امور کے وزیر عالمگیر عالم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کئی وزراء، ایم ایل ایز، اسمبلی سکریٹری سید جاوید حیدر، پربھات پرکاشن کے پبلشر پیوش کمار اور ودھان سبھا کے افسران اور ملازمین موجود تھے۔