بین الاقوامی یوم خواتین کا جشن بڑے پیمانہ پر منانے ٹی آرایس کافیصلہ

حیدرآباد3مارچ – تلنگانہ حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے جاری ترقیاتی، فلاحی اسکیمات پر بہتر طورپرعمل کے پیش نظر ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس نے بین الاقوامی یوم خواتین کا جشن بڑے پیمانہ پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں پارٹی کے ارکان اسمبلی،ضلعی صدور کے ساتھ پارٹی کے کارگذارصدر کے تارک راما راو نے آج صبح ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔اس موقع پر تارک راما راو جو وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے فرزند بھی ہیں نے اس ماہ کی 6,7,8تواریخ کو ”مہیلابندھو کے سی آر“کے نام سے جشن منانے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ تقریبا دس لاکھ غریب لڑکیوں کی شادی کروانے کا سہرا وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے سرجاتا ہے۔ایسا کام کرنے والے چندرشیکھرراو ملک کے پہلے وزیراعلی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تقریبا 11لاکھ خواتین کو ”کے سی آرکٹس“فراہم کی گئی ہیں جن کی زچگیاں سرکاری اسپتالوں میں ہوئی ہیں۔ان کے سی آرکٹس میں نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کا مکمل سامان ہے۔یہ کٹس سرکاری اسپتالوں میں زچگی کروانے والی خواتین کو دی جارہی ہے۔اس کا مقصد ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ کے سی آرکٹس کی تقسیم کی اسکیم کے آغاز کے بعد ریاست میں زچہ اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کی تعداد میں بتدریج گراوٹ ہوگئی ہے تو دوسری طرف سرکاری اسپتالوں میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ کا رجحان ہوا ہے۔اس پروگرام پر عمل کے سلسلہ میں تاحال 1700کروڑروپئے صرف کئے گئے ہیں۔اسی طرح کلیانا لکشمی اسکیم کے تحت حکومت نے 902کروڑروپئے صرف کئے ہیں۔اس اسکیم سے تاحال 10.30لاکھ خواتین کو فائدہ پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی خواتین کی بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات پر حکمران جماعت ٹی آرایس نے خواتین کے عالمی دن کو شاندار پیمانہ پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔6مارچ کو تقاریب کا آغاز ہوگا۔
جس میں خواتین کے مختلف گروپس کی جانب سے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کو راکھی باندھی جائے گی۔بعد ازاں طلبہ،ڈاکٹرس، سینی ٹیشن ورکرس اور سیلف ہیلف گروپس کے لیڈران کو تہنیت پیش کی جائے گی جس کے بعد وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سے اظہارتشکر کے لئے انسانی زنجیر بنائی جائے گی۔ 7مارچ کو ٹی آرایس کے لیڈران کلیانالکشمی اور کے سی آرکٹس اسکیمات سے استفادہ کرنے والوں کے مکانات پہنچ کر ان سے تبادلہ خیال کریں گے۔آخری دن حلقہ واری طورپر خواتین کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔مسٹرراو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تنہازندگی گذارنے والی خواتین کے ساتھ ساتھ بیڑی ورکرس کے لئے آسراوظائف فراہم کررہی ہے۔سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کے لئے سود سے پاک قرضہ جات فراہم کئے جارہے ہیں۔خواتین میں بھروسہ پیدا کرنے کے لئے شی ٹیمس اور بھروسہ سنٹرس کاقیام عمل میں لایاگیا ہے۔لڑکیوں میں تعلیم کو فروغ دینے کے لئے ان کے لئے اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں لایاگیا ہے۔جونیر اور ڈگری کالجس بھی اس مقصد کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔ریاست بھر میں 70لاکھ ہیلت اینڈ ہائی جین کٹس کی تقسیم کا کام بھی کیاگیا ہے۔