ڈرگ پارٹی کیس: آرین خان کے پاس منشیات نہیں ملی: این سی بی ایس آئی ٹی

ممبئی، 02 مارچ ۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے کہا کہ 2 اکتوبر 2021 کو دی کارڈیلیا دی امپریس پر اب تک کی گئی تحقیقات میں فلم اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کے پاس سے کوئی منشیات نہیں ملنے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس کیس میں آرین خان کا کسی بھی بین الاقوامی ڈرگ سنڈیکیٹ سے تعلق نہیں پایا گیا ہے۔ این سی بی ایس آئی ٹی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔
این سی بی ایس آئی ٹی کے سربراہ سنجے سنگھ نے بدھ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ کارڈیلیا دی کروز ڈرگ پارٹی کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔ اب تک کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آرین خان کے پاس سے کوئی نشہ آور چیز نہیں ملی۔ ساتھ ہی این سی بی کی جانب سے کارڈیلیا دی امپریس شپ پر چھاپہ مارنے کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی نہیں کی گئی تی ۔ یہاں چھاپے کے دوران الگ الگ لوگوں سے قلیل مقدار میں ڈرگ پائے گئے تھے ۔ جس کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اب تک کی تحقیقات میں آرین خان کے کسی ڈرگ سنڈیکیٹ سے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ این سی بی کو اس کا موبائل فون ضبط نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ایس آئی ٹی کے اس بیان سے آرین خان کو راحت ملی ہے، لیکن این سی بی کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی پریشانی ظاہری طور پر بڑھ رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 2 اکتوبر کو سمیر وانکھیڑے کی قیادت میں ممبئی این سی بی کی ٹیم نے کارڈیلیا دی امپریس کروز جہاز پر چھاپہ مارا اور آرین خان، ارباز مرچنٹ اور منمون دھامیچا کو این سی بی آفس لایا۔ اس کے بعد تینوں کے خلاف تین اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا۔ آرین خان، ارباز مرچنٹ اور منمون دھامیچا کو 26 دن بعد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔ اس کے بعد ریاست کے اقلیتی وزیر نواب ملک نے اس کارروائی پر سوال اٹھایا، جس کی وجہ سے دہلی میں این سی بی ہیڈکوارٹر نے معاملے کی جانچ کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ ایس آئی ٹی نے اس معاملے میں سمیر وانکھیڑے کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں این سی بی سے نکال دیا گیا۔