یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے وزیر اعلیٰ نتیش کمار

پٹنہ، 24 مارچ:بی جے پی۔جے ڈی یو کے تعلقات میں تلخی کے درمیان ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اب یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نتیش کو دعوت نامہ ملا ہے۔جو اطلاع سامنے آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار 25 مارچ کو پٹنہ سے خصوصی طیارے کے ذریعے لکھنؤ جائیں گے۔ وہ یوگی آدتیہ ناتھ کے حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ یوپی کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری میں شرکت کے لیے بی جے پی قیادت نے وزیراعلیٰ نتیش کو مدعو کیا تھا۔ جسے نتیش کمار نے قبول کر لیا۔ واضح ہو کہ نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو بھی یوپی اسمبلی انتخابات میں میدان میں اتری تھی۔ جے ڈی یو قیادت بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ لیکن بی جے پی قیادت نے صاف انکار کر دیا۔ اس کے بعد جے ڈی یو یوپی میں اپنے زور پر انتخابی میدان میں اتری تھی۔ لیکن عبرتناک شکست ہوئی۔ زیادہ تر سیٹوں پر جے ڈی یو امیدوار کی ضمانت ضبط کر لی گئی۔ بہار میں بی جے پی-جے ڈی یو کے تعلقات کی خرابی کے درمیان وزیراعلیٰ نتیش نے یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔