بہار

اردو ایکشن کمیٹی کے وفد کا سیوان دورہ

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network / Mosherraf

کمیٹی کی ضلع شاخ کی میٹنگ میں اردو کے لئے رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ 

پٹنہ 22 مئی( پریس ریلیز) اردو ایکشن کمیٹی بہار کے ایک وفد نے سنیچر کو کمیٹی کے صدر ایس ایم اشرف فرید کی قیادت میں سیوان کا دورہ کیا. ان کے ساتھ نائب صدر ڈاکٹر ریحان غنی، جنرل سکریٹری ڈاکٹر اشرف النبی قیصر اور سکریٹری ڈاکٹر انوارالہدی بھی تھے. وفد نے سب سے پہلے زیڈ اے اسلامیہ ڈگری کالج کے ایک قومی سمینار میں شرکت کی. یہ سمینار قومی تعلیمی پالیسی2020 کے موضوع پر کالج کے احمد غنی میموریل ہال میں منعقد ہوا. یہ ہال اساتذہ، طلبہ و طالبات اور اہل ذوق حضرات سے بھرا ہوا تھا. سمینار کی صدارت کالج کے فعال سکریٹری ڈاکٹر ظفر احمد غنی نے کی. وفد نے اس موقع پر کئی ایکڑ اراضی میں پھیلے کالج کے احاطے کا بھی معائنہ کیا اور اس میں بنائے جانے والے اسپتال کی عمارت کو بھی دیکھا جہاں ضروری مشینیں لگائی جارہی ہیں، آئی سی یو بنائے جارہے ہیں اور وارڈوں میں بستر لگائے جا رہے ہیں. ڈاکٹر ظفر احمد غنی نے بتایا کہ جون میں اس کا باضابطہ افتتاح ہوگا. اس کے علاوہ میڈیکل کالج کھولنے کی کی بھی تیاری کی جارہی ہے.

 اس کے بعد انٹر نشنل ہوٹل میں اردو ایکشن کمیٹی بہار کی سیوان شاخ کی ایک میٹنگ کمیٹی کے صدر ایس ایم اشرف فرید کی صدارت میں ہوئی جس میں اردو ایکشن کمیٹی سیوان کے صدر فاروق سیوانی، نائب صدر سفیر مخدومی، جنرل سکریٹری ڈاکٹر علی اصغر، کنوینر جمال فاروق اور پروفیسر اسرار احمد نے شرکت کی. اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں ایس ایم اشرف فرید نے کمیٹی کی اب تک کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ کمیٹی کی سیوان شاخ ضلع میں اردو کوفروغ دینے کے لئے عوامی رابطہ مہم چلائے گی. انہوں نے کہا کہ اردو ایکشن کمیٹی ہر ضلع میں شاخ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اردو آبادی کو ایک کڑی میں جوڑا جا سکے.انہوں نے کہا کہ ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ ریاست میں اردو کے حوالے سے ایسا ماحول بنایا جائے کہ حکومت کو اردو کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کے لئے مجبور ہونا پڑے. کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ریحان غنی نے کمیٹی کی سیوان شاخ کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ رابطہ مہم چلا کر لوگوں کو اردو پڑھنے اور اردو کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی طرف راغب کریں. اس موقع پر جنرل سکریٹری ڈاکٹر اشرف النبی قیصر نے کہا کہ اردو کے لئے سرکاری اور غیر سرکاری دونوں سطح پر مضبوطی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے. اس سلسلے میں اردو ایکشن کمیٹی ایمانداری سے کام کر رہی ہے. سیوان کا دورہ اس کا ثبوت ہے. اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سکریٹری ڈاکٹر انوارالہدی نے کہا کہ ایک عرصے کے بعد بہار میں مردہ پڑی اردو تحریک میں نئ جان آئی ہے. اردو ایکشن کمیٹی کی کوشش ہے کہ پورے بہار میں اردو کے تعلق سے ایسی فضا بنے کہ حکومت اردو کے مسائل کی طرف توجہ دے.

About the author

Taasir Newspaper