کھیل

ای پی ایل: جنوبی کوریا کے سون نے محمد صلاح کے ساتھ گولڈن بوٹ شیئر کیا

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network / M.Hassan

لندن ، 23مئی (ہ س)۔انگلش پریمیئر لیگ کے سیزن 2021- 22 کے اختتام کے ساتھ ہی اس سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مختلف اعزازات سے نوازا بھی گیا۔ لیگ کا سب سے باوقار گولڈ بوٹ خطاب لیورپول کے محمد صلاح اور ٹوٹنہم ہاٹسپر کے سون ہیونگ من کو مشترکہ طورپردیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر23 23- گول کر کے سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے سون یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ایشیائی فٹ بال کھلاڑی بن گئے ہیں۔
گولڈن بوٹ کے ایوارڈ کا فیصلہ سیزن کے آخری دن ہوا۔ لیورپول کا مقابلہ وولوز سے تھا جبکہ ٹوٹنہم کا مقابلہ نورویچ سے تھا۔ ان میچوں سے قبل صلاح کے کل 22 گول تھے جبکہ سون کے21 گول تھے۔ سون نے نورویچ کے خلاف 2 گول کر کے اپنے گول کی تعداد 23کرلی اور صلاح سے 1 گول آگے ہوگئے۔
لیکن وولوز کے خلاف صلاح نے بھی ایک گول کیا اور ان کے گول کی تعدادبھی 23ہو گئی۔ اس وجہ سے دونوں کو مشترکہ طور پر گولڈن بوٹ دیا۔ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے مجموعی طور پر 18 گول کیے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ ٹوٹنہم کے ہیری کین 17 گول کے ساتھ چوتھے اور لیور پول کے ساڈیو مانے 16 گول کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھے۔
صلاح کو پلے میکر آف دی ایئر کا خطاب بھی ملا۔مصر کے رہائشی محمد صلاح نے تیسری بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ 2017-18 میں، صلاح نے لیورپول کے لیے 32 گول کیے، جب کہ 2018-19 کے سیزن میں، صلاح نے ٹیم کے ساتھی ساڈیو مانے اور آرسنل کے پیئر اوبامیانگ کے ساتھ ایوارڈ کا اشتراک کیا۔
لیورپول کے گول کیپر ایلیسن بیکر اور مانچسٹر سٹی کے گول کیپر ایڈرسن دونوں کوہی مشترکہ طور پر ان کی بہترین گول کیپنگ کے لیے گولڈن گلووز سے نوازا گیا۔ دونوں نے اس سیزن میں 20 میچوں میں اپنی ٹیموں کے لیے کلین شیٹس رکھی تھیں۔ دونوں کھلاڑیوں کا تعلق برازیل سے ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ ایڈرسن کا لگاتار تیسرا گولڈن گلووز ٹائٹل ہے جب کہ بیکر نے اس سے قبل یہ اعزاز 2018-19 میں جیتا تھا۔

About the author

Taasir Newspaper