فن فنکار

بالی وڈ ڈائری: سلمان کی عید پارٹی میں گھر کی بنی بریانی اور نلی نہاری کی دھوم

Written by Taasir Newspaper

ممبئی/ لندن،۸؍مئی-‘ میں ہمیشہ اس سے کہتی ہوں کہ میں اپنی باقی زندگی تمہارے ساتھ گذارنا چاہتی ہوں اور ہم اپنے رشتے میں آج اْس مقام پر ہیں جہاں اب ہم ایک ساتھ مستقبل کی بات کرتے ہیں۔‘یہ الفاظ ملائکہ اروڑہ کے ہیں جو اداکار ارجن کپور کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔ روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ بات چیت میں ملائکہ نے اپنے اور ارجن کپور کے رشتے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم زندگی ایک ساتھ گذارنا چاہتے ہیں اور میرے لیے یہ رشتہ مقدس اور اہم ہے۔” مستقبل کے بارے میں ہم دونوں ہم خیال ہیں یہ اور بات ہے کہ ہم میڈیا کو پوری بات نہیں بتا سکتے کہ یہ کب ہو گا۔‘ملائکہ کا کہنا تھا کہ اس رشتے میں وہ خود کو محفوظ اور مطمئن محسوس کرتی ہیں اور یہ اعتماد ارجن کے رویے کی وجہ سے ہے۔ملائکہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘ ہم مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہیں لیکن آگے کیا ہو گا یہ ہم بعد میں طے کریں گے میں صرف اتنا جانتی ہوں کہ ارجن ہی وہ انسان ہیں جن کے ساتھ میں زندگی گذارنا چاہتی ہوں۔‘ارجن اور ملائکہ کے رشتے کے بارے میں اکثر سوشل میڈیا پر سوال اٹھائے جاتے ہیں کبھی ان کی عمر میں فرق کے حوالے سے تو کبھی ان کی شادی کے امکانات کے بارے میں۔ملائکہ سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی سابق اہلیہ ہیں جن کے ساتھ ان کا ایک 19 سال کا بیٹا بھی ہے۔ دونوں میں آپسی رضامندی سے طلاق ہوئی تھی۔سلمان خان سے یاد آیا کہ اس ہفتے ان کی بہن ارپتا اور جیجا جی آیوش شرما کے گھر عید کی ایک بڑی دعوت ہوئی جس میں سلمان سمیت بالی وڈ کے کئی بڑے ستارے شامل ہوئے۔ اس دعوت میں جہاں سلمان کی امی کے ہاتھ کی بنی بریانی اور نلی نہاری کی دھوم تھی تو وہیں کنگنا رناوت کی شرکت پر بھی لوگوں کو حیرانی ہوئی۔اور اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ تھی کہ اسی پارٹی میں کرن جوہر بھی موجود تھے۔ اب اندر عید ملن ہوا یا دیوالی کے پٹاخے چلے یہ تو معلوم نہیں لیکن کنگنا کافی اچھے موڈ میں نظر آ رہی تھیں۔ارپتا کے گھر میں داخل ہوتے ہوئے تمام مہمانوں نے میڈیا کے سامنے تصویریں بنوائیں اسی دوران خوبصورت غرارہ سوٹ پہنے کنگنا نے میڈیا کے سامنے تصویریں بنواتے ہوئے ڈھیر سارے فلائینگ کس بھی دیے۔پارٹی میں کنگنا کے علاوہ دپیکا پاڈوکون، رنویر سنگھ، سوناکشی سنہا، دیا مرزا کے ساتھ ساتھ کئی بڑے نام شامل تھے۔آیوش نے ای ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بریانی ان کی ساسو ماں نے بنائی تھی اور دعوت کی میزبانی سلمان خان نے کی تھی۔آرٹیکل 15، تھپڑ اور مْلک جیسی چیلنجِنگ فلمیں بنانے والے انوبھؤ سنہا اب ایک نئی اور منفرد کہانی لے کر آ رہے ہیں۔حالانکہ جس موضوع پر انھوں نے فلم ‘ انیک’ بنائی ہے وہ نہ تو نیا ہے اور نہ ہی منفرد تاہم اس کے لیے نیا یا منفرد لفظ کا استعمال شاید اس لیے کیا کیونکہ کہ اس بارے میں بات ہی نہیں ہوتی اور بالی وڈ میں تو کیا ملک میں بھی اس پر بات نہیں کی جاتی۔انتہائی موثر انداز میں کہانی بیان کرنے کا یہ انو بھؤ سنہا کا جذبہ ہی ہے جو انھیں انڈسٹری کے انتہائی باصلاحیت اور دبنگ فسلمسازوں میں شامل کرتا ہے۔فلم کی کہانی ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں جاری پر تشدد کی تحریکوں اور اس خطے اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک کے گرد گھومتی ہے۔انوبھؤ کا کہنا تھا کہ یہ ان کی اب تک کی سب سے چیلنجِنگ فلم رہی ہے۔آیوشمان کھرانہ فلم کے مرکزی کردار ہیں جو پہلے بھی آرٹیکل 15 جیسی فلم میں انوبھؤ سنہا کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔انڈیا کے شمال مشرقے خطے کے اور سیاسی پس منظر میں بنائی گئی اس فلم کو بغاوت اور شورش کے مناظر کی وجہ سے ایکشن تھرلر کہا جا سکتا ہے۔
تاہم ٹریلر دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس حساس خطے اور موضوع کو انتہائی محتاط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو انو بھؤ کا خاصا ہے۔ورنہ لوگوں کے دکھوں کو بیچ کر باکس آفس پر پیسہ کمانے کی مثالیں بھی انڈسٹری میں کم نہیں ہیں چاہیں تو ’کشمیر فائلز‘ کے ہدایت کار وویک اگنی ہورتی سے پوچھ لیں۔

About the author

Taasir Newspaper