ملک بھر سے

بھارت -جاپان ‘فطری شراکت دار: وزیراعظم مودی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network / M.Hassan

ٹوکیو/نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ بھارت اور جاپان “فطری شراکت دار” ہیں اور جاپانی سرمایہ کاری نے بھارت کی ترقی کے سفر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ٹوکیو کے اپنے دو روزہ دورے کے پہلے دن یہاں بھارت نڑاد شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ جاپان کے ساتھ بھارت کے تعلقات روحانیت اورباہمی تعاون پرمبنی ہیں۔سوامی وویکانند کے دورہ جاپان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جاپان کے ساتھ بھارت کا رشتہ دنیا کے لئے طاقت، عزت اور مشترکہ عزم کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کے ساتھ ہمارا رشتہ بودھ مذہب، علم اور مراقبہ کا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘جاپان سے متاثر ہو کر سوامی وویکانند نے کہا تھا کہ ہر بھارتی نوجوان کو اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جاپان ضرور جانا چاہئے۔ سوامی جی کی اس خیر سگالی کو آگے بڑھاتے ہوئے، میں چاہوں گا کہ جاپان کا ہر نوجوان اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار بھارت کا بھی دورہ کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو مہاتما بدھ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے تاکہ انسانیت کو تشدد، لاقانونیت، دہشت گردی، ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجوں سے بچایا جا سکے۔
بھارت میں ہی تیار کی گئی کورونا ویکسین کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، بھارت نے ہمیشہ اس کا حل تلاش کیا ہے۔ کورونا کے دوران بے یقینی کا ماحول تھا لیکن اس صورتحال میں بھی بھارت نے اپنے کروڑوں شہریوں پر ‘میڈ ان انڈیا’ ویکسین بھی لگائی اور اسے دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں بھیجا۔

About the author

Taasir Newspaper