ملک بھر سے

‘ دی کشمیر فائلز’جھوٹ کا پلندہ اور نفرت کے بیج بونے والی فلم دی کشمیر فائلز کی مخالفت میں چنئی میں ایس ڈی پی آئی کا سمینار

Written by Taasir Newspaper

چنئی ۔( پریس ریلیز)۔سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) تمل ناڈو کی جانب سے چنئی سیدا پیٹ چیمبر آف کامرس کے شادی ہال میں13مئی2022کو ایک عظیم الشان سمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان ‘دی کشمیر فائلز ۔چھوٹ کا پلندہ اور نفرت کے بیج بونے والی فلم’رکھا گیا۔ اس سمینار میں ایس ڈی پی آئی تمل ناڈو ریاستی صدر نیلائی مبارک، تامل نیشنل لبریشن موئومنٹ کے جنرل سکریٹری تیاگو، مئی 17تنظیم کے کوآرڈنیٹر ترو مروگن گاندھی اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی ایگزیکٹو ممبر محمد اسماعیل نے خطاب کیا۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی سکریٹری رتھنم اناچی کی قیادت میں ہوئی اس سمینار میں ریاستی سکریٹری اے کے عبدالکریم، چنئی شمالی علاقائی صدر محمدرشید، جنوبی چنئی جنوبی ضلعی صدر محمد بلال، جنوبی چنئی شمالی ضلع کے صدر محمد سلیم پارٹی کارکنان سمیت 300افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر نیلائی مبارک نے اپنے خطاب میں کہا کہ دی کشمیر فائلز فلم کے تعلق سے سمینار کا انعقاد کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ آج ملک میں تشدد کی سیاست عروج پر ہے۔ تشدد میں ملوث لوگوں کو آج بڑے عہدے دیئے گئے ۔ فسطائی ہندوتوا طاقتیں ملک میں ماب لنچنگ کے ذریعے تشدد کی سیاست کررہی ہیں۔ کشمیر کے تعلق سے دویک اگنی ہوتری نے جو فلم کشمیر فائلز بنائی ہے وہ جھوٹ کا پلندہ اور نفرت کی بیج بونے والی فلم ہے۔ خود وزیر اعظم نریندر مودی نے فلم ڈائرکٹر اور فلم کی تعریف کی ہے وہ باعث تشویش ہے۔ کئی ریاستی حکومتیں اس فلم کو دیکھنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔ نیلائی مبار ک نے سوال اٹھایا کہ جھوٹ پر مبنی کشمیر فائلز فلم بنانے والے لوگ کیا گجرات فائلز جو حقائق پر مبنی ہے اس پر فلم بنائینگے ؟۔د ی کشمیر فائلز فلم کے ذریعے معصوم ناظرین کے دلوں میں مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف نفرت کے بیج بوئے جارہے ہیں ۔گئو کشی، لو جہاد، ماب لنچنگ کے بعد اب فلموں اور بلڈوزر کے ذریعے مسلمانوں کے قتل عام کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ آج ملک کے جو حالات ہیں وہ آزادی کے بعد سب سے زیادہ پریشان کن حالات ہیں۔ ایسے حالات کو بدلنے کیلئے ملک کے جمہوری طاقتوں کو متحد اور متحرک رہنا چاہئے ۔ نیلائی مبارک نے تیقن دلایا کہ ملک کے کسی بھی کونے میں بھی عوام مخالف مظالم کے خلاف ایس ڈی پی آئی سرگرم رہے گی۔

About the author

Taasir Newspaper