اسلام آباد، 09 مئی ۔پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کے ایک عوامی جلسے میں ملک مخالف تقریر کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ ان کے ’مذموم عزائم ‘کو کسی قیمت پر پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شہباز کا یہ تبصرہ فوج کے ترجمان کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں سیاستدانوں، صحافیوں اور تجزیہ کاروں کو ملک کے سیاسی معاملوں میں کی پاکستانی فوج اور اس کی قیادت کوگھسیٹنے کے خلاف خبردارکیا گیا ہے۔وزیر اعظم شہباز نے عمران پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نے ملکی اداروں کے خلاف من گھڑتنظریات گڑھے ہیں۔ وہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف سازشیں کرتے رہے۔حالانکہ گزشتہ ماہ تحریک عدم اعتماد جیتنے کے بعد شہباز شریف نے کہا تھا کہ وہ انتقام کی سیاست نہیں کریں گے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان میں لیڈروں کو کیسے جیلوں میں بھیجا گیا، ہم اس ماضی میں نہیں جانا چاہتے۔ ہم پاکستان کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ ہم قوم کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتے ہیں۔ ہم کسی سے بدلہ نہیں لیں گے۔ ہم کسی کو جیل نہیں بھیجیں گے لیکن قانون اپنا کام کرے گا۔ ہم مل کر ملک کو چلائیں گے اور اسے قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔دریںاثنا وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے، عمران خان کا خطاب پاکستان کے خلاف ‘ سازش’ ہے، ایبٹ آباد میں آج ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا، قانونی کارروائی کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے، ایک شخص کی انا، تکبر ، جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے، پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، انہوں نے عمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اْس نے کھایا، پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں ہیں، عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، لیکن ہم اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے، عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ آج سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کر کے ہٹایا گیا، اس سازش میں مقامی میر جعفر اور میر صادق نے ان کا ساتھ دیا۔