قومی خبریں

وارانسی کے ضلع جج کی عدالت میں گیان واپی معاملے کی سماعت کا آغاز

Written by Taasir Newspaper

وارانسی:23مئی: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں گیان واپی مسجد احاطے کی ویڈیو گرافی سروے معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پیر کو ضلع جج اجئے کرشن وشویش کی عدالت نے اس معاملے میں سماعت کا آغاز کیا۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں اس معاملے کی سماعت سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت سے کیس کو منتقل کر تے ہوئے ضلع جج کی عدالت میں اس کی سماعت کا حکم دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ راکھی سنگھ و دیگر کی عرضی پر سماعت کے دوران سول جج(سینئر ڈویژن) روی کمار دیواکر کے حکم پر گیان واپی مسجد احاطے کا ویڈیو گرافی سروے کرایا گیا۔ سروے کے دوران مسجد احاطے میں واقع وضو خانہ سے مبینہ شیولنگ کو سیل کرنے کے فیصلے کو مسلم فریق نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اس پر عدالت نے یہ معاملہ ضلع جج کی عدالت میں منتقل کردیا تھا۔عدالتی احاطے کے آس پاس سخت سیکورٹی کے انتظامات کے درمیان مسجد فریق،سرکار اور ہندو فریق کے وکیلوں اور مدعین کی موجودگی میں دوپہر دو بجے کے بعد شنوائی کا آغاز ہوا۔ اس معاملے میں کاشی وشوناتھ مندر کے سابق مہنت کلپتی تیواری نے بھی ضلع جج کی عدالت میں عرضی داخل کر کے گیان واپی مسجد احاطے میں مبینہ شیولنگ اور دیگر دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں کی مستقل پوجا کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper