کھیل

کولکاتہ اور لکھنؤ کے میچ میں راہل پر ہوگی نظر

Written by Taasir Newspaper

پونے،06؍مئی – کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو ہفتہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف فارم میں موجود کپتان کے ایل راہل سے ہوشیار رہنا ہوگا۔راہل کی شاندار بلے بازی کی وجہ سے لکھنؤ نے 10 میں سے سات میچ جیتے ہیں اور 14 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔جہاں لکھنؤ کی ٹیم پلے آف میں جگہ بنانے کے قریب ہے، وہیں کے کے آر کو اپنی امیدوں کو زندہ رکھنا ہے تو اسے کسی بھی قیمت پر یہ میچ جیتنا ہوگا۔ ان کے 10 میچوں میں چار جیت سے آٹھ پوائنٹس ہیں اور وہ اس وقت آٹھویں نمبر پر ہیں۔راہل اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے 10 میچوں میں 451 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں اور دونصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں دہلی کیپٹل کے خلاف چھ رنز کی فتح میں 77 رنز کی اہم اننگز کھیلی تھی۔ کے کے آر کے گیند بازوں امیش یادو، ٹم ساؤتھی، شیوم ماوی اور سنیل نارائن کے لیے راہل کو روکنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔لیکن لکھنؤ کے دیگر بلے بازوں جیسے کوئنٹن ڈی کاک، آیوش بدونی، دیپک ہڈا اور کرونل پانڈیا کو بھی زیادہ ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس اور جیسن ہولڈر کی کارکردگی بھی بہت اہمیت کی حامل ہوگی۔گزشتہ میچ میں چار وکٹیں لینے والے تیز گیند باز محسن خان ہر میچ میں بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں لیکن دشمنتھا چمیرا، ہولڈر اور پانڈیا کو دہلی کے خلاف اپنی خراب کارکردگی کو ایک طرف رکھ کر نئے سرے سے آغاز کرنا ہوگا۔ اسپنر روی بشنوئی اور کے گوتم کے چار چار اوور بھی اہم ہوں گے۔دریں اثنا کے کے آر کے لیے سب سے بڑی پریشانی اس کے اوپنرز ہیں جو رنز بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کے کے آر نے کئی اوپننگ جوڑی کو آزمایا لیکن کوئی جوڑی کامیاب نہیں ہوئی۔ اگر ایرون فنچ اور بابا اندرجیت دوبارہ اننگز کا آغاز کرتے ہیں تو دونوں کو جارحانہ بیٹنگ کرنی ہوگی۔

 

About the author

Taasir Newspaper