ریاست

گہلوت نے راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا

Written by Taasir Newspaper

جے پور، 21 مئی:راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج یہاں سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر گہلوت راجستھان ریاستی کانگریس کمیٹی پہنچے اور مسٹرگاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر منعقدہ سرو دھرم پرارتھنا سبھا میں بھی شرکت کی۔ ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ دوٹاسرا اور خوراک اور شہری سپلائی کے وزیر پرتاپ سنگھ کھچاریاواس اور کانگریس کے بہت سے ایم ایل اے اور لیڈران نے بھی سرو دھرم کی دعائیہ میٹنگ میں شرکت کی۔ ودھان سبھا کے اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستان میں نئے دور کے خالق اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اسی طرح سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے بھی مسٹر گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ہندوستان میں کمپیوٹر اور ٹیلی کمیونیکیشن انقلاب کا بانی اور 21ویں صدی کے جدید ہندوستان کا معمار قرار دیا۔ اس موقع پر مسٹر پائلٹ نے کہا کہ جدید سوچ اور دور اندیشی کے ساتھ ملک کو ایک نئی سمت دینے والے راجیو جی ہمیشہ ہم سب کے لیے ترغیب کا باعث رہیں گے۔ اسی طرح دیگر کئی کانگریسی لیڈروں نے مسٹر گاندھی کو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔

About the author

Taasir Newspaper