راجیو گاندھی نے جدید ہندوستان کی تعمیر کوسمت دی: راہل

نئی دہلی، 21 مئی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک دور اندیش رہنما تھے اور انہوں نے جدید ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھی۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا، “میرے والد ایک دوراندیش لیڈر تھے جن کی پالیسیوں نے جدید ہندوستان کی تشکیل میں مدد کی۔ وہ ایک نرم دل اور مہربان شخص تھے اور میرے و پرینکا کے لیے ایک ایسے شاندار والد تھے جنہوں نے ہمیں معافی اور ہمدردی کی اہمیت سکھائی۔ مجھے ان کی بہت یادآتی ہے اورہم دونوں نے جو وقت گزارا اسے میں بہت یادکرتاہوں۔انہوں نے سابق وزیر اعظم سے متعلق ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے، جس میں مسٹرراجیو گاندھی ملک کے مختلف حصوں میں قوم کی مضبوطی کے لیے اپنے اہم خیالات کو عوام کے درمیان رکھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔اس سے پہلے صبح کانگریس صدر سونیا گاندھی اور ان کی بیٹی پرینکا گاندھی واڈرا نے مسٹر راجیو گاندھی کے سمادھی مقام پرجاکرپھولوں کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا۔